ابوظہبی، 24 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے ابوظہبی میں بحرین کے شاہ عزت مآب حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران عزت مآب شیخ محمد اور عزت مآب شاہ حمد نے دوستانہ تبادلہ خیال کیا جو متحدہ عرب امارات اور ملکت بحرین اور ان کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی ہے۔
ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بات چیت کی گئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے ترقیاتی اہداف کو آگے بڑھانا اور مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عوام کی امنگوں کو پورا کرنا ہے۔
یو اے ای اور بحرین کے درمیان تعلقات کا جائزہ لینے کے علاوہ، عزت مآب اورشاہ حمد نے جی سی سی کے رکن ممالک کے باہمی مفاد اور اپنے شہریوں کے عزائم کو پورا کرنے میں مدد کے لیے خلیج کے خطے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پرزوردیا۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور جامع اور منصفانہ امن عمل کے حصول کے لیے تمام کوششوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا جس سے پورے خطے کے لوگوں کے لیے استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہوگا۔
ملاقات میں نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی عدالت کے وزیر عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان،الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان، صدارتی عدالت میں خصوصی امور کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان،سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی محمد حماد الشامسی اور متعدد شیوخ اور حکام شریک تھے۔
بحرین کی طرف سے، قومی سلامتی کے مشیر،سپریم ڈیفنس کونسل کے سیکرٹری جنرل اور رائل گارڈ کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عزت مآب شیخ ناصر بن حمد الخلیفہ،سپریم کونسل فار یوتھ اینڈ اسپورٹس (ایس سی وائی ایس) کے اول نائب چیئرمین، جنرل اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین اور بحرین اولمپک کمیٹی کے صدر عزت مآب شیخ خالد بن حمد الخلیفہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ترجمہ۔تنویرملک