دبئی، 24 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ دنیا کا فلیگ شپ فری زون اور اجناس کی تجارت اور انٹرپرائز سے متعلق حکومت دبئی کی اتھارٹی ڈی ایم سی سی کا لندن میں میڈ فار ٹریڈ لائیو کا 9واں ایڈشن شروع ہوگیا ہے،جس کا مقصد برطانیہ سے زیادہ سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے اپنے ہدف کو راغب کرنا ہے۔
برطانیہ-متحدہ عرب امارات دوطرفہ تجارت گزشتہ سال کی نسبت 47.3% اضافے سے 2023 کی دوسری سہ ماہی کے اختتام تک چار سہ ماہیوں میں 25ارب50کرور پونڈ(119ارب درہم) تک پہنچ گئی جب کہ ڈی ایم سی سی نے دبئی میں برطانوی کاروباری اداروں کے لیے ترقی کے متعدد مواقع پیش کیے۔
صرف 2023 میں 200 سے زیادہ برطانوی کمپنیاں ڈی ایم سی سی کے کاروباری دسٹرکٹ میں شامل ہوئیں، جس کی کل تعداد گزشتہ سال سے 10فیصد اضافے سے2,080 ہوگئی ہے۔
ڈی ایم سی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسراحمد بن سلیم نے کہا کہ گزشتہ 12 ماہ میں ہم نے ڈی ایم سی سی کی قدر کے تناسب کو بڑھانا جاری رکھا ، جس سے کاروباری ڈسٹرکٹ میں بڑی ساختی تبدیلیاں لائی گئی ہیں اور دبئی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا گیا ۔ گزشتہ سال ، 200 برطانوی کمپنیوں کے ساتھ 2,700 نئی کمپنیوں کی شمولیت اور خاص طور پر کرپٹو اور گیمنگ سینٹرز میں مضبوط ترقی کی گئی، جب کہ ایک نیا ڈی ایم سی سی اے آئی سینٹر جلد ہی شروع ہونے والا ہے۔
اس ایونٹ کا انعقاد عرب برٹش چیمبر آف کامرس نے لندن میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے اشتراک سے کیا ۔ ڈی ایم سی سی کےسینئر ایگزیکٹوز نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 160 کاروباری رہنماؤں کو ڈی ایم سی سی کے ذریعے دبئی میں کاروبار کرنے میں آسانی کے بارے میں آگاہ کیا، جو دنیا کے سب سے زیادہ باہم منسلک کاروباری اضلاع میں سے ایک ہے۔
ڈی ایم سی سی کے میڈ فار ٹریڈ لائیو روڈ شوز دبئی کو کاروبار کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر پیش کرنے میں بااثر کردار ادا کررہے ہیں۔ روڈ شوز کے ذریعے، ڈی ایم سی سی امارت میں ایف ڈی آئی کو راغب کرنے کے لیے دبئی کی منفرد قدر کو اجاگر کرتا ہے۔ ڈی ایم سی سی کا دبئی کی سالانہ ایف ڈی آئی میں 11% حصہ ہے اور فری زون نے ڈسٹرکٹ میں تقریباً 2,700 نئی کمپنیوں کا خیرمقدم کرکے 2023 میں اپنا دوسرا بہترین سال ریکارڈ کیا۔ ڈی ایم سی سی میں اب دنیا بھر سے 24,000 سے زیادہ کاروباری ادارے کام کررہے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک