ابوظہبی، 24 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ ابو ظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ایدنیک) میں جاری یومیکس اور سم ٹیکس 2024 میں، بغیر پائلٹ سسٹمز ، سیمولیٹڈ، تربیت، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس میں اماراتی کمپنیوں کی جانب نمایاں تکنیکی اختراعات سمیت نئی مصنوعات متعارف کرائی جارہی ہیں۔
سرکردہ قومی کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی یونیورسٹیوں کے طلباء جو مصنوعی ذہانت اور بغیر پائلٹ کے نظام میں مہارت رکھتے ہیں، اپنی تازہ ترین عالمی ایجادات متعارف کرانے میں کامیاب رہے۔ 72 اماراتی کمپنیوں سمیت 214 سے زائد کمپنیاں نمائشن میں شرکت کرتے ہوئے اپنی جدید تکنیکی مصنوعات پیش کررہی ہیں۔
ایونٹ کے دوران، یومیکس اور سم ٹیکس 2024 کے اسٹریٹجک پارٹنر ایج گروپ نے مختلف شعبوں میں قابل اعتماد اور تکنیکی ترقی کی حامل جدید نئی مصنوعات پیش کی ہیں جو ایج گروپ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے عزم کو واضح کرتی ہیں۔
جی وائی 300، ایک بغیر پائلٹ طیارہ ہے جو مختصر ٹیک آف اور ناہموار مقامات پر لینڈنگ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے یہ ایک کم لاگت کا ڈرون ہے جو 300 کلو وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ زمینی نظام کے شعبے میں ایک اعلیٰ کارکردگی کی حامل بغیر پائلٹ کے زمینی گاڑی بنکر پرو پیش کی گئی ہے، جو ریموٹ سرویلنس، تلاش، کینووئنگ، ہدف کی شناخت اور بیرونی گشت جیسی کارروائیوں کو مکمل طور پر خود مختار طریقے سے انجام دے سکتی ہے۔
ایج گروپ کی ایم بوگے، ایک پہیوں والی، ملٹی ٹیرین بغیر پائلٹ گراؤنڈ وہیکل (یو جی اوی)، قابل عمل ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے جدید ترین امیجنگ اور سینسر ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہے۔ یومیکس اور سم ٹیکس کے شرکاء نے ایدنیک گرینڈ اسٹینڈ ایریا میں زمینی سسٹمز کے لائیو مظاہروں کا مشاہد کیا۔
خلیفہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل ورلڈ کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کی حامل 13 اختراعات پیش کی ہیں۔ ان میں آگ بجھانے کے لیے ڈرون، ہیٹور جینیئس روبوٹک سسٹمز ، چپ کی شناخت اور تنصیب کے لیے ایک منفرد شیلڈ اورلاجک گیٹ ارے پر مبنی سیکیورٹی سسٹم شامل ہیں۔ یونیورسٹی نے خود کارکار، بارش کو بڑھانے کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے ڈرون، اور خطرناک مواد کا پتہ لگانے کے لیے ایک سمارٹ سسٹم کی نمائش بھی کی۔
کینسٹونگی کی متحدہ عرب امارات میں قائم ذیلی کمپنی اینیرون نے اپنے آزمائشی ورژن میں جدید الیکٹرک میگنس کی نمائش کی۔ یہ جاسوسی گاڑی، جو دفاعی کارروائیوں کے لیے بنائی گئی ہے، خود مختار ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، اور پائیدار ٹیکنالوجیز سے کام کرتی ہے۔
امارات ڈیفنس کمپنیز کونسل نے یو میکس اور سم ٹیکس کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کی، جس نے متحدہ عرب امارات میں دفاعی اور سلامتی کی صنعت کے کلیدی حامی کے طور پر اپنے کردار پر زور دیا۔ کونسل کے پویلین میں حکومتی ادارے اور معروف کمپنیاں بشمول وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی، اور ابوظہبی محکمہ اقتصادی ترقی شامل ہیں تاکہ اے آئی ٹیکنالوجیز اور خود مختار نظاموں سے چلنے والے جدید ترین دفاعی مصنوعات کی نمائش کی جا سکے۔
یومیکس اور سم ٹیکس 2024 ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم ہے جو اختراعات اور نئی کاروباری شراکتوں کے لیے سہولت فراہم کررہا ہے جو انتہائی اہم بغیر پائلٹ سسٹمز کے شعبے کی مستقبل سازی کرے گا۔
ترجمہ۔تنویرملک