ابوظہبی، 25 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات تقریباً 45 فیصد کے ساتھ علاقائی گرین بانڈ لیگ ٹیبلز میں سرفہرست ہے، جس کی فروخت تقریباً 170 فیصد اضافے کے ساتھ 10.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔
بلومبرگ کی کیپٹل مارکیٹس لیگ ٹیبلز کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں، مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ (مینا) کے خطے میں ماحول دوست سماجی، پائیدار، اور پائیداری سے منسلک بانڈز (جی ایس ایس بی) کے سالانہ اجراء میں 155 فیصد اضافے سے 24 ارب ڈالر کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
یہ اضافہ بنیادی طور پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں ترقی کی وجہ سے ہوا، جو مجموعی علاقائی اجراء کا 77 فیصد ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے 28ویں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ28) کی میزبانی کے گزشتہ سال میں ملک کے کارپوریٹس اور سرکاری اداروں کی طرف سے پہلی بار پائیدار قرضوں کا بڑا اجراء کیا گیا، جس کی مجموعی رقم 7.95 ارب ڈالر تھی۔
پہلی بار جاری کرنے والے 11 گرین بانڈز میں ڈی پی ورلڈ سکوک (1.5 ارب ڈالر)، شارجہ حکومت (1 ارب ڈالر)، طاقہ (1 ارب ڈالر)، امارات این بی ڈی (750 ملین ڈالر)، مصدر (750 ملین ڈالر)، مبادلہ(750 ملین ڈالر)، الدار سکوک (500 ملین ڈالر )،کمرشل بینک آف دبئی (500 ملین ڈالر )، فائیو ہولڈنگز (ملین ڈالر350 ) کے علاوہ دبئی اسلامک بینک سے (750 ملین ڈالر) اور ابوظہبی اسلامی بینک سے(500 ملین ڈالر) کے بانڈز یا سکوک شامل تھے۔
دریں اثنا، سعودی عرب کا کل علاقائی حجم میں حصہ 32 فیصد رہا، جو گزشتہ سال سے69 فیصد زیادہ ہے۔
سعودی عرب کا پبلک انویسٹمنٹ فنڈ 2023 میں خطے کا سب سے بڑا اجراکنندہ تھا، جس نے فروری 2023 میں 5.5 ارب ڈالر کے انڈز یا سکوک کا اجرا کیا۔
بلومبرگ کے مطابق دیگر قابل ذکر سعودی اجرا کنندگان میں سعودی نیشنل بینک (60.69 ملین ڈالر)، سعودی الیکٹرسٹی کمپنی (1.2 ارب ڈالر) اور الراجحی بینک (1ارب ڈالر ) کے ساتھ نمایاں تھے۔
2023 کو گرین سکوک کے لیے ایک "سنگ میل " سال قرار دیا گیا، جس میں پہلی بار اسلامی بانڈز یا سکوک مینا کے کل کے ایک چوتھائی سے زیادہ تھے۔
2023 میں مینا کے علاقے میں تقریباً 6.5 ارب امریکی ڈالر مالیت کے گرین سکوک جاری کیے گئے ۔ اس میں اے ڈی آئی بی (500 ملین ڈالر)، ڈی پی ورلڈ (1.5 ارب ڈالر)، فرسٹ ابوظہبی بینک (تقریباً 350 ملین ڈالر)، ماجد الفطیم (500 ملین ڈالر)، اور الدار (500 ملین ڈالر) کے ساتھ تمام عالمی گرین سکوک کے نصف سے زیادہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک