عالمی اسلامی مالیاتی مارکیٹ کا حجم 2025 تک 49کھرب ڈالر تک پہنچ جائے گی: ملائیشین تجارتی کمشنر

ہانگ کانگ، 25 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ ہانگ کانگ میں ملائیشیا کے قونصلیٹ جنرل کے تجارتی سیکشن (ایم اے ٹی آر اے ڈی ای) کے تجارتی کمشنريزرين سياخيری نے توقع ظاہر کی کہ عالمی اسلامک فنانس مارکیٹ کا حجم 2025 تک49کھرب ڈالرتک پہنچ جائے گا۔

ہانگ کانگ میں ایشین فنانشل فورم (اے ایف ایف) کے موقع پرامارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے سياخيری نے کہاکہ اسلامی مالیاتی مارکیٹ دنیا بھر میں نمایاں اور تیز رفتار ترقی کررہی ہے، جو 2022 میں22کھرب ڈالر کے حجم کو عبور کر چکی ہے۔

اسٹینڈرڈ اینڈ پورز گلوبل ریٹنگز کے پہلے تخمینہ کے مطابق،توقع ہے کہ اسلامی مالیاتی شعبہ 2023 اور 2024 میں عالمی سطح پر تقریباً 10 فیصد ترقی کرے گا۔

سياخيری نے وضاحت کرتے بتایا کہ اے ایف ایف اس وقت منعقد ہونے والا سب سے بڑا مالیاتی پروگرام ہے، جو مالیاتی خدمات کی صنعت سے وابستہ ہے اور ہانگ کانگ کی سب سے بڑی صنعتوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا فنانس بالخصوص اسلامی مالیات میں اپنی مہارت کا اشتراک کرنے کے لیے اس تقریب میں شرکت کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فورم گرین فنانس سے متعلقہ مروجہ عالمی رجحان کے علاوہ سکوک یا اسلامک بانڈز جیسےدیگر فنانسنگ ٹولزکو اجاگر کرنے کا ایک اچھا موقع ہے،جن کی ہانگ کانگ،دبئی اور کوالالمپور کی مالیاتی منڈیوں میں لسٹنگ کرائی جاسکتی ہے۔

متحدہ عرب امارات اورملائیشیا کے درمیان مالیاتی شعبے میں تعاون کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ملائیشیا کے تجارتی کمشنرنے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور مضبوط تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں تعاون کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مزید تعاون اور نئے اقدامات کے حوالے سے اپنی امید کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات اسلامی مالیاتی صنعت میں نمایاں ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ اعدادوشمار مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) میں اس صنعت کے حجم میں نمایاں اضافہ کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر حصوں میں اس کی ترقی کی نشاندہی کرتے ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک