دبئی پولیس کاعالمی 'آپریشن پٹ سٹاپ' میں 40 ملین یورو ٹیکس فراڈ کےاہم ملزم کی گرفتار ی میں اہم کردار

دبئی،25 جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ دبئی پولیس نے 15 ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر’آپریشن پٹ سٹاپ‘ نامی مربوط عالمی آپریشن میں اہم کردار ادا کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں متعدد بین الاقوامی طور پر مطلوب افراد کو گرفتار کیا گیا۔

آپریشن میں دبئی پولیس کے کردار میں ایک اطالوی مشتبہ شخص کی گرفتاری بھی شامل تھی جو جاپان سے متحدہ عرب امارات گیا تھا۔ مشتبہ شخص ایک منظم جرائم کے سنڈیکیٹ کی ایک اہم شخصیت ہے جو ٹیکس فراڈ کی ایک وسیع اسکیم میں ملوث ہے۔

یہ فراڈ سپین، رومانیہ اور ایسٹونیا میں مقیم کمپنیوں کے ذریعے کیا گیا تھا لیکن اس کا آپریشن اٹلی سے ہوا تھا۔ یہ کمپنیاں مبینہ طور پر ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور منظم طریقے سے 40 ملین یوروسے زیادہ کی فروخت کے جھوٹے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے اعلانات جمع کروا رہی ہیں۔

دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے عالمی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کام کرنے اور سرحد پار پیچیدہ جرائم سے نمٹنے کے لیے ان کے ساتھ علم اور انٹیلی جنس کا اشتراک کرنے کے لیے دبئی پولیس کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مختلف بندرگاہوں پر دبئی کے پولیس اہلکاروں کی مستعدی خاص طور پر بین الاقوامی سطح پر مطلوب مجرموں کو پکڑنے میں ان کی مہارت کو سراہا۔

دبئی پولیس جرائم کی روک تھام میں جدید عالمی طریقوں کو مربوط کرکے اپنی کارکردگی کو بہتر بنا رہی ہے جو معاشرےکی حفاظت کو یقینی بنانے اور رہنے، کام کرنے کے لیے دنیا کی بہترین منزل کے طور پر شہر کی حیثیت کو تقویت دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔

ترجمہ: ریاض خان