اے یو ایس اورایس آر ٹی آئی پارک کے محققین کی جانب سے کنڈکٹو کنکریٹ سے تیار کردہ پری کاسٹ بلڈنگ کھلنے کے لیے تیار

شارجہ، 28 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ امریکن یونیورسٹی آف شارجہ (اے یو ایس) اور شارجہ ریسرچ ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن (ایس آر ٹی آئی پی )کی ایک ریسرچ ٹیم نے 16 سال کی وسیع تحقیق اور جانچ کے بعد شیلڈنگ کے لیے استعمال ہونے والی کنکریٹ سے بنی پری کاسٹ عمارت تیارکرلی ہے۔

ایس آر ٹی آئی پی میں واقع، جدید عمارت میں کنکریٹ مکس کا استعمال کیا گیا ہے جو اہم سویلین اور فوجی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے الیکٹرو میگنیٹک پلسز (ای ایم پی)یا الیکٹرانک تخریب کاری سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے لیے امریکہ کے پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں دو پیٹنٹ پہلے ہی دائر کیے جا چکے ہیں۔

یہ جدید ترین کارنامہ اے یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف سول انجینئرنگ سے ڈاکٹر شریف یحییٰ اور اے یو ایس ڈپارٹمنٹ آف الیکٹریکل انجینئرنگ سے ڈاکٹر ناصر قدومی کے دماغ کی اختراع ہے، جن کی پہلی ملاقات 2009 میں ہوئی تھی ۔دونوں نے کنڈکٹو کنکریٹ کے مختلف استعمال کے حوالے سے تعاون کرتے ہوئے اس پر تحقیق کی۔

ڈاکٹر یحییٰ نے کہاکہ دنیا بھر میں مختلف قسم کی ایپلی کیشنز کے لیے کنڈکٹیو کنکریٹ کا استعمال کیا جاتا ہے، لیکن یہ اپنی نوعیت کی پہلی پری کاسٹ عمارت ہے جس میں اس ٹیکنالوجی کو شیلڈنگ کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ عمارت توانائی کی لہروں کو روکتے ہوئے الیکٹرانک آلات کے لیے شارٹ کٹنگ کے خطرے کوختم کردیتی ہے۔ عمارت کا ڈھانچہ ایک مکمل سگنل کو روکنے کو یقینی بناتا ہے۔یہ جدید ٹیکنالوجی ڈیٹا سینٹرز، پاور اسٹیشنز اور سیکیورٹی سینٹرز جیسی اہم سہولیات کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کے مشترکہ پروجیکٹ کو یونیورسٹی اور انڈسٹری کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے۔اور کالج آف انجینئرنگ کی جدید ترین لیبز میں کی گئی ان کی تحقیق کوحمایت حاصل ہوئی ہے۔

ڈاکٹر قدومی نے کہا کہ ہمیں اے یو ایس اور اس کے آفس آف ریسرچ اینڈ گریجویٹ اسٹڈیز سے متعدد فیکلٹی ریسرچ گرانٹس اور امریکی پیٹنٹ کے لیے فائل کرنے کے عمل میں زبردست تعاون حاصل ہوا۔ایس آر ٹی آئی پارک کے سی ای او حسین المحمودی کی طرف سے بھی تعاون حاصل ہوا، جنہوں نے ہمیں فنڈنگ، تعمیر کے لیے زمین کی فراہمی اور پروجیکٹ کے لیے ایک مشاورتی بورڈ بنانے میں مدد کی۔ اے ایل ای سی انجینئرنگ کنٹریکٹنگ، جو فی الحال عمارت کی تعمیر کی نگرانی کر رہی ہے، نے اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

اس پورے عمل کے دوران، دونوں محققین نے انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ سطح پر طلباء کی مدد کو بھی سراہا جنہوں نے تحقیق ، پیمائش ، پروٹو ٹائپ کی ترقی میں مدد ، کی اس سے طلباء کو پراجیکٹ کے قابل قدر تجربہ حاصل ہوا۔

مستقبل میں محققین صنعتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے مواقع پر بات چیت کریں گے تاکہ وسیع تر اطلاق کے لیے کام کے دائرہ کار کو بڑھایا جا سکے۔

کنڈکٹو کنکریٹ کے اہم فوائد میں بغیر کسی خاص اضافے کی ضرورت کے ای ایم پی سے تحفظ، بہتر میکانکی خصوصیات، دیگر شیلڈنگ تکنیکوں کے مقابلے نسبتاً کم لاگت اور پری کاسٹ یونٹ کے طور پر تیار کرنے کی صلاحیت شامل ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک