ابوظہبی، 29 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ نائب صدر، نائب وزیراعظم، صدارتی عدالت کے چیئرمین اور مرکزی بینک آف یو اے ای (سی بی یو اے ای) کے بورڈ کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان نے سی بی یو اے ای کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔
عزت مآب نےامارات انسٹی ٹیوٹ آف فنانس میں اعلیٰ سطحی تربیت اور اہلیت کا پروگرام ’ایتھرا‘ مکمل کرنے والے 1ہزار 56مرد اور خواتین شہریوں کے پہلے بیچ کی گریجویشن میں بھی شرکت کی ۔ ایتھرا پروگرام کا مقصد اعلیٰ درجے کی قومی صلاحیتوں کی تعمیر اور متحدہ عرب امارات میں کاروباری شعبوں کی قیادت کے قابل ایک نسل کی تیاری کے ساتھ مالیاتی شعبے میں اماراتی نمائندگی کو فروغ دینا ہے۔
یہ تقریب ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوئی جس میں عزت مآب شیخ سرور بن محمد النہیان، نیشنل میڈیا آفس کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الحمید،مرکزی بینک کے گورنرخالد محمد بلعمہ اور کئی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں مرکزی بینک کی 50 سال سے زائد عرصے کے دوران پیش رفت اور ترقی کے سفر کو دکھایا، جس کے دوران بینک نے مالیاتی اور اقتصادی استحکام کو مضبوط بنانے اور متحدہ عرب امارات میں اقتصادی ترقی کے پہیے کو چلانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
عزت مآب شیخ منصور نے عالمی مالیاتی مرکز کے طور پر متحدہ عرب امارات کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے دانشمند قیادت کی خواہش کی تصدیق کی۔ انہوں نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور ملک میں ترقیاتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے علاوہ مالیاتی استحکام کو مضبوط کرنے اور مالیاتی نظام میں کارکردگی اور لچک کے حصول میں بینک کے کردار کو سراہا۔
عزت مآب شیخ منصور نے بہترین بین الاقوامی معیارات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قومی کیڈرز کو بااختیار بنانے کے لیے قیادت کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کیڈرز کو مختلف شعبوں میں ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کرکے، پیشہ ور افراد مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانے اور ملک کی جاری ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر، عزت مآب نے سی بی یو اے ای اور امارات انسٹی ٹیوٹ آف فنانس کے تمام ملازمین اور ایتھرا پروگرام کے پہلے بیچ کے فارغ التحصیل افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی قوم کی خدمت میں کامیابی کی خواہش کا اظہارکیا۔
اس موقع پر عزت مآب شیخ منصور کو مرکزی بینک کے ذیلی اداروں کی جانب سے پویلین میں جدید منصوبوں کےنمائش کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے قومی ڈومیسٹک کارڈ اسکیم کے لیے الاتحاد پیمنٹس کے ایک پروجیکٹ کے افتتاح کا بھی مشاہدہ کیا۔
عزت مآب نے مرکزی بینک کی ڈیجیٹل کرنسی 'ڈیجیٹل درہم' کے لیے براہ راست چین کے ساتھ ایم برج کے ذریعے 5کروڑ درہم مالیت کی پہلی سرحد پار ٹرانزیکشن بھی کی۔
عزت مآب کو "آنی" فوری ادائیگی کے پلیٹ فارم کی خدمات بارے بریف کیا گیا، جس کا آغاز اکتوبر 2023 میں الاتحاد پیمنٹس کے ذریعے کیا گیا تھا جس کی بنیاد پر فوری طور پر رقوم کی منتقلی کا تیز، آسان اور محفوظ طریقہ پیش کرنے کے لیے اعلیٰ ترین بین الاقوامی سیکیورٹی معیارات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
عزت مآب نے ’اوپن فنانس‘ کے افتتاح کا بھی مشاہدہ کیا جس سے صارفین پورے مالیاتی سسٹم میں ڈیٹا کو مربوط اور شیئر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے محتسب یونٹ کی بصری شناخت "سنادک" کے افتتاح میں بھی شرکت کی جسے عربی میں 'آپ کی حمایت' کہا جاتا ہے، جو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں بینکنگ اور انشورنس کے تنازعات کے حل کے لیے پہلا خود مختار یونٹ ہے۔
اس موقع پر سی بی یو اے ای کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے سونے اور چاندی کے یادگاری سکے بھی جاری کیے گئے،سکے کے بالائی حصے میں صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو مبارکباد دی گئی ہے، جب کہ اس کے الٹے حصے میں مرکزی بینک کی عمارت کو دکھایا گیا ہے۔
اپنے افتتاحی خطاب میں، مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد بلعمہ نے عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی طرف سے تمام شعبوں کو بااختیار بنانے اور جامع ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے متنوع اور جامع مالیاتی منظر نامے کو فروغ دینے کے لیے فراہم کردہ تعاون کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ عزت مآب کی طرف سے آج شروع کیے گئے جدید منصوبوں کا مقصد مالیاتی ڈھانچے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو بڑھانا، ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینا اور متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنا ہے۔
تقریب میں اومولات سیکیورٹی پرنٹنگ کمپنی اور فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کے علاوہ امارات انسٹی ٹیوٹ آف فنانس اور شارجہ ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن ریسورسز،امریکہ کی ہارورڈ اور کولمبیا یونیورسٹیوں اور Wiley Edge کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
ترجمہ۔تنویرملک