اعلیٰ معیارکی طبی سہولیات کے ساتھ دبئی صحت کا ایک مستحکم عالمی مرکزبن رہا ہے : مکتوم بن محمد

دبئی، 29 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ دبئی کے اول نائب حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیرخزانہ عزت مآب شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم نے عرب ہیلتھ کے 49ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا،جومشرق وسطی اور شمالی افریقہ (مینا) کے علاقے میں صحت کے حوالے سے سب سے بڑی نمائش ہے۔

تقریب کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عزت مآب شیخ مکتوم نے کہا کہ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دور اندیش رہنمائی میں دبئی کا ہیلتھ کیئر سیکٹر بہترین درجے کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی ، جدید ترین ٹیکنالوجیز اور ہنر مند ٹیلنٹ کو راغب کر کے اپنے معیارات کو مزید مستحکم کررہا ہے۔

عزت مآب شیخ مکتوم نے کہا کہ مضبوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کے ایک اہم علاقائی اور عالمی صحت کے مرکز کے طور پر اس کی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔دنیا کی صف اول کی صحت کی سہولیات اور اداروں کو اکٹھا کر کے، اور اس شعبے میں بہترین اور جدید ماحول کو فروغ دے کر، دبئی صحت کے شعبے کی ایک اعلیٰ منزل کے طور پر اپنی حیثیت کو مستحکم کر رہا ہے۔ عزت مآب نے مزید کہا کہ دبئی کو رہنے اور کام کرنے کے لیے دنیا کی بہترین جگہوں میں سے ایک بنانے کے حکومت کے مقصد کے مطابق حظان صحت ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 29 جنوری سے یکم فروری 2024 تک منعقد ہونے والی اس نمائش میں 3,400 سے زیادہ نمائش کنندگان، 40 سے زیادہ بین الاقوامی پویلینز اور 180 سے زیادہ ممالک شریک ہیں۔ ایونٹ کے مہمانوں کو نیٹ ورکنگ ، جدید ترین ٹیکنالوجی دریافت کرنے اور بامعنی کاروباری روابط قائم کرنے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔

شیخ مکتوم نے وزیرصحت عبدالرحمن بن محمد بن ناصر العویس،دبئی ایگزیکٹو کونسل کے سیکرٹری جنرل عبداللہ البسطی،محکمہ صحت ابوظہبی کے چیئرمین منصور ابراہیم المنصوری، دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عوض صغير الكتبی، دبئی ہیلتھ کے سی ای او ڈاکٹرعامراحمد شریف،دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اتھارٹی کے چیئرمین ہلال سعید المری اور متعدد سینئر حکام اور ماہرین صحت کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران، عزت مآب نے ایم42، دبئی ہیلتھ کیئر سٹی، امارات ہیلتھ سروسز، وزارت صحت، فلپس اینڈ جی ای ہیلتھ کیئرکے پویلین کا دورہ کیا، جہاں انہیں تازہ ترین خدمات اور مصنوعات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے نمائش میں اطالوی پویلین کا بھی دورہ کیا۔

عرب ہیلتھ 2024 میں پروڈکٹ کے نو شعبے ہیں،جن میں طبی آلات و آلات، ڈسپوزایبل و کنزیومر گڈز، آرتھوپیڈکس و فزیوتھراپی، امیجنگ و تشخیص، ہیلتھ کیئر اینڈ جنرل سروسز، آئی ٹی سسٹمز و سلوشنز، ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر و اثاثے، فلاح و بہبود و روک تھام اور حفظان صحت شامل ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک