صحت کے شعبے میں بلاکچین ٹیکنالوجی کیلئے محکمہ صحت ابوظہبی ،ابوظہبی ہیلتھ ڈیٹا سروسز ،ایم ایس ڈی میں معاہدہ

ابوظبی،29 جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ محکمہ صحت ابوظہبی نے ابوظہبی ہیلتھ ڈیٹا سروسز اور ایم ایس ڈی ، جی سی سی کے ساتھ پورے خطے میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں اپنی نوعیت کے پہلے اقدام میں بلاک چین ٹیکنالوجی کاتجربہ کرنے کیلئےمفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے پر انڈر سیکریٹری محکمہ صحت ابوظہبی ڈاکٹر نورا الغیثی، ایم ایس ڈی ، جی سی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اشرف ملک اور ابوظہبی ہیلتھ ڈیٹا سروسز کے قائم مقام سی ای او کریم شاہین نے دستخط کیے۔ عرب ہیلتھ 2024 کے موقع پر دستخط کیے گئے معاہدے کے تحت تینوں ادارے اکٹھے ہوں گے اور ٹیکنالوجی اور فریم ورک کا جائزہ لینے کے لیے ایک غیر منافع بخش عالمی تنظیم فارما لیجر ایسوسی ایشن کے غیر جانبدار پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے بلاک چین کی صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے تعاون کریں گے۔

ایم ایس ڈی ، جی سی سی اپنی سوچ کی قیادت فراہم کرکے اور مختلف ایپلی کیشن ایریاز اور مارکیٹوں میں بلاک چین ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس تعاون میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔

ڈاکٹر نورا الغیثی نے کہاکہ محکمہ صحت ابوظہبی ہیلتھ ڈیٹا سروسز اور ایم ایس ڈی ، جی سی سی کے ساتھ ابوظہبی کی شراکت داری صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعاون آبادی کی صحت اور بہبود کو بڑھانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے لیے محکمہ کی جاری کوششوں کو مزید مستحکم کرتا ہے اور بالآخر صحت کی دیکھ بھال کے بہتر نتائج اور امارات کے اندر مریضوں پر مرکوز دیکھ بھال کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار کرتا ہے۔

یہ کوششیں ابوظہبی کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ایک اہم مقام اور لائف سائنسز کے مرکز کے طور پر مزید مضبوط کرتی ہیں۔ بلاک چین اپنے فوائد کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال میں انقلاب برپا کر رہا ہے ۔ مزید برآں بلاک چین کلیمز مینجمنٹ اور کلینیکل ٹرائلز جیسے عمل کو ہموار کرتا ہے، صحت کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیموں کے اخراجات کو کم کرتا ہے۔

کریم شاہین نے کہاکہ ابوظہبی میں اس ٹیکنالوجی کو لاگو کرنے کے لیے دلچسپی کے شعبوں میں سے ایک ڈیٹا کی حفاظت اور سامان کا پتہ لگانے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ ہم دونون اداروں کے ساتھ اس اہم تعاون کو شروع کرنے پر بہت خوش ہیں۔ ابوظہبی ہیلتھ ڈیٹا سروسز اس شراکت داری کے تکنیکی پہلوؤں کے پیچھے محرک ہوگا جس میں امارات میں بلاک چین ٹیکنالوجی کی صلاحیت کا جائزہ لینا بھی شامل ہے۔

اشرف ملک نے کہاکہ ایم ایس ڈی مختلف شعبوں اور بازاروں میں ہیلتھ کیئر سیکٹر میں بلاک چین ٹیکنالوجی کو لاگو کرنے میں اپنی حکمت عملی کی مہارت اور وسیع تجربہ لائے گا۔ ہم ہیلتھ کیئر ڈیلیوری اور ڈیٹا سیکیورٹی میں انقلاب لانے میں بلاک چین کی بے پناہ صلاحیت کو تسلیم کرتے ہیں کیونکہ ہم امارات میں ہیلتھ کیئر سیکٹر میں بلاک چین کے استعمال کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی اسٹریٹجک بصیرت، علم اور مشورے فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

عرب ہیلتھ مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی طبی نمائش ہے اور اس سال دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 29 جنوری سے یکم فروری 2024 تک ہو رہی ہے۔

ترجمہ: ریاض خان