متحدہ عرب امارات کی اردن اور شام کی سرحد کے قریب امریکی فوجی اڈے پر حملے کی شدید مذمت

ابوظبی،29 جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اردن اور شام کی سرحد کے قریب امریکی فوجی اڈے پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔

ایک بیان میں وزارت خارجہ نے اردن کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا جو دونوں ممالک اور عوام کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اسکی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے مملکت کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے ان مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت اور ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مستقل طور پر مسترد کرنے کا اعادہ کیا جس کا مقصد بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔

وزارت خارجہ نے امریکہ کی حکومت اور عوام اور اس گھناؤنے جرم کے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمہ: ریاض خان