متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کا اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کااظہار

ابوظہبی، 30 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے وزیراقتصادیات عبداللہ بن طوق المری نے برطانوی وزیر مملکت (محکمہ برائے امورکاروبار، توانائی و صنعتی حکمت عملی) گریگ ہینڈز سے ملاقات کی،جس میں اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کے نئے مواقع کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات یو اے ای کے وفد کے دورہ برطانیہ کے دوران ہوئی جو31 جنوری 2024 کو ہونے والی انوسٹوپیا لندن میں شرکت کررہا ہے۔

۔ انوسٹوپیا کے زیر اہتمام ہونے والی اس تقریب میں متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے رہنماوں تاجروں سمیت 200 سے زائد سرمایہ کار اور کاروباری افراد شریک ہیں۔

بن طوق نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے تعلقات دونوں ممالک کی دانشمند قیادت کی بدولت اعلیٰ درجے کے اسٹریٹجک تعلقات اور غیر معمولی اقتصادی شراکت داری کے لیے ایک بہترین مثال بن چکے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کے ساتھ اقتصادی تعاون خاص طور پر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم پر روشنی ڈالی۔ یہ شعبے اہم اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ دونوں ممالک مشترکہ نظریات اور معاشی حکمت عملیوں کا اشتراک کررہے ہیں جن کا مقصد مستقبل کے ان شعبوں میں توسیع اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

وزیر نے کہاکہ یہ ایونٹ مزید مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کو فروغ دینے اور متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان موجودہ تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

ملاقات میں اقتصادی شراکت داری کے امکانات کو مضبوط بنانے اور متحدہ عرب امارات اور برطانوی نجی شعبوں کے درمیان بات چیت میں سہولت فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس سے خاص طور پر دونوں منڈیوں میں اقتصادی مواقع کے تنوع اور دونوں ممالک میں برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو مزید سہولیات اور مراعات فراہم کرنے کے امکانات کے پیش نظر تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

بن طوق نے متحدہ عرب امارات کے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور معروف علاقائی اور عالمی تزویراتی منڈیوں کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری قائم کرنے کے وژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بڑے اقتصادی کلسٹرز کی حمایت میں اس کے اہم کردار پر بھی زور دیا، جو عالمی معیشت کے مستقبل کو تشکیل دیں گے۔

اس مقصد کے لیے، وزیر اقتصادیات نے فنٹیک، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، انٹرپرینیورشپ، سرکلر اکانومی، مالیاتی خدمات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے، خزانہ کے اقتصادی سیکریٹری، Bim Afolami کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران،معروف عالمی کاروباری طرز عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔انہون نے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مارکیٹوں میں ایس ایم ایز کی مدد کرنے کے طریقوں کے علاوہ ترقی کو فروغ دینے کے امکانات، فنانسنگ میکانزم اور مختلف دوطرفہ اقتصادی سرگرمیوں میں مسابقت اور غیر ملکی منڈیوں میں وسعت دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں لچکدار اقتصادی پالیسیوں کی تیاری اور دونوں ممالک کی معیشت کی ترقی اور پائیداری کو فروغ دینے میں ان کے کردار کے حوالے سے تجربات کے تبادلوں کا جائزہ لیا گیا۔

بن طوق نے متحدہ عرب امارات کے جدید معاشی قانون سازی کے نظام اور قومی کاروباری ماحول کی مسابقت کو بڑھانے اور علاقائی اور عالمی سطح پر اس کی قیادت کو مستحکم کرنے میں اس کے کردار سے آگاہ کیا۔ ان میں کوآپریٹیو، تجارتی لین دین، تجارتی رجسٹری، اور خاندانی کاروبار کے شعبوں کے لیے نئی قانون سازی کا اعلان شامل ہے۔اس کے علاوہ، انہوں نے سیاحت، خاندانی کاروبار، ای کامرس، مینوفیکچرنگ، پائیدار ٹرانسپورٹ، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں یو اے ای کے امید افزا سرمایہ کاری مواقع سے بھی آگاہ کیا۔


ترجمہ۔تنویرملک