صدرعزت مآب شیخ محمد کو فیڈرل جیوگرافک انفارمیشن سینٹر کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی

ابوظہبی، 30 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو فیڈرل جیوگرافک انفارمیشن سینٹر (ایف جی آئی سی) کے اہم اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ابوظہبی کے قصر البحر میں ہونے والی بریفنگ کے دوران عزت مآب کو عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں متحدہ عرب امارات کے 'جنرل میپ' کی کاپی پیش کی گئی۔

فیڈرل جیوگرافک انفارمیشن سینٹر کے عہدیداروں نے مرکز کے قیام کے بعد سے شروع کیے گئے متعدد اہم اقدامات بشمول یونین اٹلس کے خدوخال سے آگاہ کیا،جو۔ ملک بھر میں مختلف شعبوں، خاص طور پر تعلیم، صحت، معیشت اور ماحولیات کو فائدہ پہنچانے کے لیے قابل اعتماد مقامی جغرافیائی اور شماریاتی معلومات کا ڈیٹا فراہم کرنے والا، ایک اہم منصوبہ ہے۔

بریفنگ میں شامل دیگر ایف جی آئی سی پروجیکٹس میں نیشنل جیو اسپیشل فیچرز کیٹلاگ شامل ہے، جو قومی مقامی فریم ورک کے تحت ہر جغرافیائی خصوصیت کے لیے تعریفیں اور کوڈز تفویض کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران، عزت مآب شیخ محمد نے بنیادی جغرافیائی معلوماتی نظام کی فراہمی اور ملک بھر کے علاقوں کا احاطہ کرنے والے تفصیلی مقامی ڈیٹا کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ترقیاتی منصوبوں کو بڑھانے میں مرکز کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ عزت مآب نے اپنے اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس طرح کی معلومات کے معیار اور تصریحات کو معیاری بنانے میں مرکز کے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔

صدر نے متحدہ عرب امارات کے اقتصادی، جغرافیائی اور سماجی پہلوؤں میں سائنسی تحقیق کی مدد کرنے اور ملک بھر میں تمام مقامی جغرافیائی معلومات کے لیے ایک سرکاری حوالہ فراہم کرنے کے لیے مرکز اور اس کے عملے کو سراہا۔

سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر خلیفہ الرمیثی اور سینٹر کے جنرل منیجر حمید الکعبی وفد میں شامل تھے،وفد نے ملک بھر میں مختلف شعبوں میں مرکز کے منصوبوں اور قومی اقدامات کی حمایت کرنے میں متحدہ عرب امارات کی قیادت کے کردار کو سراہا۔

ترجمہ۔تنویرملک