محمد بن راشد کا عرب ہیلتھ کے 49ویں ایڈیشن کا دورہ

دبئی، 30 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے آج عرب ہیلتھ کے 49 ویں ایڈیشن کا دورہ کیا۔دورے کے دوران عزت مآب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقامی اور وفاقی حکومت کے اداروں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے درمیان ایک جامع طبی نظام اور تعاون نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ شہریوں اور رہائشیوں کو صحت کی بہترین خدمات تک رسائی حاصل ہو۔

عزت مآب نے ملک کے شعبہ صحت کی بہترکارکردگی میں اہم کردار ادا کرنے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کوبھی اجاگر کیا، جس سے اس کی مجموعی مسابقت مستحکم اور جدید ٹیکنالوجیز، جدید سہولیات اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اہلکاروں کے ساتھ اس کی ترقی میں مدد فراہم ہوئی ہے۔

شیخ محمد نے کہا کہ بہترین درجے کی صحت خدمات فراہم کرنا متحدہ عرب امارات کی ترقی کی ترجیحات کے ساتھ ساتھ اس کے لوگوں کی خوشی اور فلاح و بہبود میں سرفہرست ہے، ان منصوبوں کے ساتھ نہ صرف متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں بلکہ پورے خطے اور درحقیقت ہر ملک کے عوام کی خدمت ہو رہی ہے، عزت مآب نے خیالات کا تبادلہ اور طبی میدان میں تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں جاننے کے لیے دبئی آنے والے نمائش کنندگان اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 29 جنوری سے 1 فروری تک منعقد ہونے والی اس نمائش میں 3,400 سے زیادہ نمائش کنندگان، 40 سے زیادہ بین الاقوامی پویلین اور 180 سے زیادہ ممالک شریک ہیں۔

نمائش کے دورے کے دوران،وزیرصحت عبدالرحمن بن محمد العویس،محکمہ صحت ابوظہبی کے چیئرمین منصور ابراہیم المنصوری، دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل عوض صغير الكتبی، دبئی ہیلتھ کے سی ای او ڈاکٹر عامر احمد شریف،دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اتھارٹی کے چیئرمین ہلال سعید المری، متعدد سینئر حکام اورماہرین صحت عزت مآب شیخ محمد کے ہمراہ تھے۔

عزت مآب شیخ محمد نے سیمنز ہیلتھائنرز، کلیولینڈ کلینک، کینن اور پیور ہیلتھ کے پویلین کا دورہ کیا جہاں انہیں کمپنیوں کی طرف سے پیش کی جانے والی جدید ترین خدمات اور مصنوعات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے نمائش میں اطالوی پویلین کا بھی دورہ کیا۔

عرب ہیلتھ 2024 میں طبی آلات و آلات، ڈسپوزایبل و کنزیومر گڈز، آرتھوپیڈکس و فزیوتھراپی، امیجنگ اینڈ ڈائیگنوسٹک، ہیلتھ کیئر اینڈ جنرل سروسز، آئی ٹی سسٹمز و سلوشنز، ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر و اثاثے، فلاح و بہبود و روک تھام اور شعبہ صحت کی ترقی کے نو الگ الگ شعبے ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک