دبئی، 30 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ دبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے 53کروڑ درہم بجٹ کے ساتھ 'دبئی اسکولز' پروجیکٹ کی توسیع کی منظوری دی ہے۔ یہ دبئی سوشل ایجنڈا 33 کے مطابق ہے جس کاآغاز نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا تھا۔
منصوبے کے تحت الخوانیج میں ایک نیا سکول قائم کیا جا رہا ہے جبکہ دبئی سکولز البرشا برانچ کی توسیع کی جارہی ہے ۔ اس میں 6,400 سے زیادہ نشستیں، 295 کلاس رومز اور 123 لیبارٹریز اور خصوصی کلاس رومز شامل ہوں گے۔ اس سے 2033 تک 'دبئی اسکولز' کی جانب سے پیش کردہ سیٹوں کی کل تعداد 15,000 تک ہوجائے گی۔
عزت مآب شیخ حمدان بن محمد نے کہا کہ عزت مآب شیخ محمد بن راشد کے وژن سے ہم آہنگ، ہم دبئی میں ایک ایسا جدید تعلیمی نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو مستقبل کے قابل رہنمائوں کی پرورش اور انہیں بااختیار بنانے کے قابل ہو۔ 'فیملی: دی فاؤنڈیشن آف دی نیشن' کے تھیم کے تحت دبئی میں عالمی سطح کے تعلیمی نظام کا قیام دبئی کے سماجی ایجنڈے 33 کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
دبئی اسکولز پروجیکٹ کی توسیع دبئی سوشل ایجنڈا 33 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد دبئی میں تعلیم کے معیار کو فروغ دینا اور اسے دنیا کے ٹاپ 10 شہروں میں شامل کرنا ہے۔
الخوانیج اور البرشا اسکول 'دبئی اسکولز' پروجیکٹ کے براہ راست منصوبے ہیں۔ اپنے پہلے تعلیمی سال میں، 'دبئی اسکولز' پروجیکٹ کے تحت 1,205 طلباء نے داخلہ لیا، دوسرے سال تک اس کی استعداد کو بڑھا کر 1,965 طلباء تک پہنچا دیا گیا تھا۔ تعلیمی سال 2023/2024 تک، داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد 2,580 تک پہنچ گئی ہے۔یہ اسکول 38 مختلف قومیتوں کی نمائندگی کے ساتھ طلبہ کا متنوع ادارہ ہے۔
446,720 مربع فٹ پر قائم الخوانیج کا نیا اسکول، کنڈرگارٹن سے لے کر گریڈ 12 تک کے 4,028 طالب علموں کی رہائش کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ جدید ترین ادارہ بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے، جس میں 149 کلاس رومز اور 71 لیبارٹریز اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس خصوصی کلاس رومزکے علاوہ تین انڈور پول شامل ہوں گے، جن میں ایک سیمی اولمپک پول، انڈور اسپورٹس ہال، ابتدائی کلاسز کے لیے اسپورٹس ہال، بین الاقوامی معیار کے مطابق فٹ بال گراونڈ اور پانچ آؤٹ ڈور کورٹس شامل ہیں۔ مزید برآں، اس میں 11,800 مربع فٹ کی ایک وسیع لائبریری ہوگی۔
98 نئے کلاس رومز کے ساتھ البرشا برانچ کی توسیع کے ذریعے یہاں 2,408 نشستوں کا اضافہ کیا جارہاہے جس کے مکمل ہونے پر 3,520 طلباء کی کل گنجائش ہو گی۔ اس منصوبے میں دو انڈور پول ہوں گے، جن میں ایک سیمی اولمپک پول بھی شامل ہے، اس کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کی گئی فٹ بال پچ بھی ہوگی۔ مزید برآں، توسیع میں دو اسپورٹس ہال، سات ورسٹائل آؤٹ ڈور کورٹ، 6,800 مربع فٹ پر محیط ایک لائبریری اور 52 لیبارٹریز اور خصوصی کلاس روم شامل ہیں۔
نالج فنڈ اسٹیبلشمنٹ اور دبئی میونسپلٹی نے اعلان کیا کہ ان منصوبوں کا 50 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے، دونوں منصوبے تعلیمی سال 2024/2025 کے لیے تیار ہونے کی توقع ہے۔
دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داؤد الھاجری نے کہا کہ 'دبئی اسکولز' پروجیکٹ ہماری قیادت کے مستقبل کی نسلوں کے لیے اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے عزم کا ثبوت ہے۔ ہمارا مقصد ایک مربوط، پائیدار تعلیمی نظام قائم کرنا ہے جو طلباء کو جامع تعلیم کے ساتھ ساتھ دبئی کے امید افزا مستقبل میں کامیاب ہونے کے لیے ضروری ہنر اور قابلیت فراہم کرے۔
نالج فنڈ اسٹیبلشمنٹ کے چیئرمین احمد عبدالکریم جلفار نے نئے پراجیکٹس کے اہداف کے حوالے سے کہا کہ یہ منصوبے جامع اہداف کے مطابق ہیں ، جس میں دبئی میں معاشرے کے تمام طبقات کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی بھی شامل ہے۔ منصوبوں کو دبئی کے تعلیمی ماحول پر ایک طویل مدتی اثر ڈالنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ موجودہ دبئی اسکولز پروجیکٹ کو ابھرتے ہوئے تعلیمی شعبے کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاسکے۔
نالج فنڈ اسٹیبلشمنٹ کے سی ای او عبدالله محمد العور نے کہاکہ ان اہم پروجیکٹس کا مقصد صرف امارت میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنا نہیں ، بلکہ انہیں مزید قابل رسائی بنانے کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مستقبل کے لیے قیادت کے وژن کے ساتھ منسلک جدید تعلیمی پلیٹ فارم فراہم کرکے، یہ منصوبے انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کی نمائندگی کرتے ہیں۔
عزت مآب شیخ حمدان کی جانب سے مارچ 2021 میں شروع کیا گیا، 'دبئی اسکولز' پروجیکٹ ایک جدید اسکول ماڈل فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے جو سستی قیمت پر اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کررہا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک