سوئٹزرلینڈ عالمی سرمایہ کاری، ماحولیاتی کارروائی کیلئےڈبلیو ٹی او میں کثیر فریقی اقدامات کی حمایت کرتا ہے

ابوظبی، یکم مارچ، 2024 (وام) ۔۔ ریاستی سیکرٹریٹ برائے اقتصادی امور کی ملک کی سربراہ ہیلین بڈلیگر آرٹیڈا کا کہنا ہےکہ سوئٹزرلینڈ عالمی سرمایہ کاری اور آب و ہوا کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے میں عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں کثیر فریقی اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے ڈبلیو ٹی او کی 13ویں وزارتی کانفرنس میں امارات نیوز ایجنسی (وام) کو بتایا کہ سوئٹزرلینڈ خالص سرمایہ کاری برآمد کنندہ کے طور پر سرمایہ کاری کی سہولت برائے ترقی اقدام کی حمایت کرتا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ایک عالمی معاہدہ تیار کرنا ہے۔ سیکریٹری آرٹیڈا نے کہا کہ ان کا ملک ڈبلیو ٹی او میں کثیر جہتی موسمیاتی اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک ایسا نظام بنانا ہے جہاں ماحول دوست اشیا اور خدمات بغیر محصولات اور تکنیکی رکاوٹوں کے تجارت کی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت اور ماحولیاتی مسائل ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ انہوں نے کچھ ترقی پذیر ممالک کے خدشات کو دور کیا جو یہ استدلال کرتے ہیں کہ کثیرالطرفہ اقدامات ڈبلیو ٹی او کے خط اور روح کے خلاف ہیں کیونکہ انہیں ڈبلیو ٹی او کے تمام ممبران پر مشتمل اتفاق رائے سے فیصلہ سازی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ ان کے تحفظات کو سن رہا ہے اور اس خلا کو پر کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ سیکرٹری آرٹیڈا نے مشاہدہ کیا کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک بشمول کم ترقی یافتہ ممالک آئی ایف ڈی جیسے اقدامات کے حق میں ہیں کیونکہ انہیں اپنی معیشتوں میں ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔سوئس عہدیدار نے سوئٹزرلینڈ کی آزاد اور اصول پر مبنی عالمی تجارت اور ڈبلیو ٹی او میں تنازعات کے تصفیہ کے مضبوط نظام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سوئٹزرلینڈ ایک اپیلیٹ باڈی کے ساتھ دو سطحی تنازعات کے تصفیے کے نظام کو بحال کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ای کامرس کے بارے میں ریاستی سیکریٹری نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ ڈیجیٹل تجارت پر کسٹم ڈیوٹی عائد کرنے پر پابندی میں توسیع کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ زراعت پر مذاکرات کے لیے تیارہے۔ سوئس اہلکار نے وزارتی اجلاس کی میزبانی کرنے پر متحدہ عرب امارات کی تعریف کی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں ملک کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی شراکت داری کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے بہترین تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو اجاگر کیا۔ متحدہ عرب امارات دسمبر میں دبئی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس COP28 کے کامیابی سے انعقاد کے بعد ڈبلیو ٹی اووزارتی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔تقریباً 164 ممالک اور تجارتی وفوداجلاس میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ ڈبلیو ٹی اوکا فیصلہ ساز ادارہ ہے جو عام طور پر ہر دو سال بعد ملتا ہے۔ ترجمہ؛ ریاض خان