چاڈ میں متحدہ عرب امارات کی امدادی ٹیم کی جانب سے سوڈانی مہاجرین اور مقامی کمیونٹی کی مدد جاری

ام جرس ، چاڈ، 4 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ چاڈ کے شہر ام جرس میں امارات کی امدادی ٹیم سوڈانی پناہ گزینوں اور شہر اور آس پاس کے دیہات میں مقامی کمیونٹی کے لیے اپنے امدادی پروگراموں پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
آمدہ رمضان کی مہم کے تحت امارات ہلال احمر(ای آر سی)،زاید بن سلطان النہیان چیریٹیبل اینڈ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن اور خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن پر مشتمل ٹیم نے ضروری اشیاء تقسیم کرنے کے لیے چاڈ ہلال احمر کے ساتھ تعاون کیا۔ ان میں زاید فاؤنڈیشن کی طرف سے فراہم کردہ گھریلو اشیاء، باورچی خانے کے برتن اور پسماندہ خاندانوں کے لئے کھجوریں شامل ہیں۔
ای آر سی کے نمائندے جاسم النقبی نے ماہ مقدس کے دوران پسماندہ خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رمضان سے پہلے اپنی انسانی ہمدردی کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے ٹیم کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے دیہاتوں، قصبوں اور سوڈانی پناہ گزینوں کے کیمپوں میں ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے چاڈ ہلال احمر کے ساتھ رابطہ کیاہے۔
ایک اور اقدام میں، اماراتی ٹیم نے چاڈ ہلال احمر کے ساتھ شراکت میں، سوڈانی مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کیا اور خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن کی طرف سے 1,000 سکول بیگ تقسیم کیے۔
خلیفہ فاؤنڈیشن کے نمائندے عبدالرحیم جانی نے کیمپ میں پانچ اسکولوں کے لیے اس امدادی مہم کے اختتام پر روشنی ڈالی، جس میں تعلیمی سال کے آغاز سے لے کر اب تک 7,500 سے زیادہ بیگز تقسیم کیے گئے، جن میں اسکول کے تمام ضروری سامان موجود تھے۔
انہوں نے اماراتی ٹیم کی جانب سے مہاجر کیمپوں میں طلباء کو درپیش چیلنجوں کے باوجود تعلیمی کوششوں کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مستفید ہونے والوں نے متحدہ عرب امارات کے تعاون اور ٹیم کی مسلسل کوششوں خاص طور پر کیمپ میں تعلیمی سلسلے کی مدد کرنے ، طلباء کے خاندانوں کو فراہم کی جانے والی اہم ریلیف کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمہ۔تنویرملک