ابوظہبی، 4 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ عرب مالیاتی فنڈ (اے ایم ایف) نے عرب گرین اینڈ سسٹین ایبل فنانس نیٹ ورک (ایگری فن) کا تیسرا اجلاس ابوظہبی میں اس کے ہیڈ کوارٹر میں شروع ہوگیا۔
دو روزہ اجلاس کا مقصد عرب دنیا میں ماحول دوست اورپائیدار مالیاتی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس کے بنیادی مقاصد میں گرین فنانسنگ کے طریقوں کوفروغ دینا، پائیدار مالیات میں عالمی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے میں رکن ممالک کی مدد اورموسمیاتی تبدیلی سے متعلق خطرات سے نمٹنے میں مالیاتی شعبے کے کردار کو تقویت دینا شامل ہیں۔
مرکزی بینکوں، عرب مالیاتی اداروں، مالیاتی وزارتوں اور عرب ممالک کی مالیاتی منڈیوں کے حکام کے اہم اسٹیک ہولڈرز علاقائی اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے ماہرین اجلاس میں شریک ہیں۔
نیٹ ورک اپنے ہم مرتبہ اداروں سے سیکھنے، علم کے اشتراک اور پائیدار مالیات پر تعاون کو فروغ دے رہا ہے جس سے عرب ممالک کو پائیدار مالیاتی سرگرمیوں اور خدمات کے بدلتے ہوئے منظر نامے کے ساتھ اپ ڈیٹ رہنے میں مدد ملتی ہے۔
نیٹ ورک کا بنیادی مقصد موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مالیاتی نظام کے کردار کو مضبوط کرنا، ماحول دوست، کم کاربن سرمایہ کاری کے لیے مالیات کو متحرک اور ایس ڈی جیز کے تناظر میں توانائی کے موثر استعمال کو بہتر بنانے کے لیے سرکلر کاربن اکانومی کی حمایت کرنا ہے۔
اجلاس کے پہلے روز پائیدار مالیاتی رجحانات اور کم کاربن معیشت میں منتقلی کے لیے مالی اعانت کے مواقع اور چیلنجوں سے نمٹنے پر غور کیا گیا ۔ دوسرے دن کے مباحثے میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں مالیاتی کردار، پائیدار فنانسنگ پر جدید ٹیکنالوجیز کے اثرات اور کاربن غیر جانبداری کے اہداف کے حصول پر رضاکارانہ کاربن مارکیٹوں کے اثرات کا احاطہ کیا جائے گا۔
اے ایم ایف کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ڈائریکٹر جنرل چیئرمین ڈاکٹرفهد محمد التركی نے نیٹ ورک کے قیام کو سراہتے ہوئے عرب ممالک کے درمیان علم کی منتقلی اور تجربات کے تبادلے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پورے خطے میں ماحول دوست اور پائیدار فنانسنگ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اعادہ کیا، جو ماحولیاتی طور پر ذمہ دار مالیاتی طریقوں کی طرف ایک اہم تبدیلی کی عکاسی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک
اے ایم ایف کا ابوظہبی میں 'عرب گرین اینڈ سسٹین ایبل فنانس نیٹ ورک' کا اجلاس شروع