آئرلینڈ یو اے ای کے لیے یورپ کا گیٹ وے بننا چاہتا ہے: آئرش وزیر

ابوظہبی، 4 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ آئرلینڈ کے وزیر برائے انٹرپرائز،تجارت و روزگار سائمن کوونی نے کہا ہےکہ ان کا ملک یو اے ای اور دیگر خلیجی ریاستوں کے لیے یورپی یونین (ای یو) کی مارکیٹ کا گیٹ وے بننا چاہتا ہے۔
گزشتہ ہفتے ابوظہبی میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کی 13ویں وزارتی کانفرنس (ایم سی13) کے دوران امارات نیوزایجنسی (وام) کو دئے گئے انٹرویو میں انہوں نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک میں بڑھتے ہوئے آئرش ڈاسپورا کو اجاگر کیا۔ وزیر نے کہا کہ تقریباً 16,000 آئرش شہری جی سی سی میں رہتے اور کام کرتے ہیں ،آئرش شہری بنیادی طور پر متحدہ عرب امارات میں، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، کاروبار، بینکنگ، مہمان نوازی، انجینئرنگ اور اکاؤنٹنگ جیسے مختلف شعبوں میں کام کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات اوردرحقیقت اس خطے کے دوسرے لوگ جیسے سعودی عرب اور کویت، آئرلینڈ کو یورپی یونین کی مارکیٹ میں گیٹ وے کے طور پر دیکھیں، کیونکہ ہم بہت سے ملٹی نیشنلز اور دنیا کے دیگر حصوں کے لیے ایسا کرنے میں بہت کامیاب رہے ہیں۔
آئرش وزیر نے آئرلینڈ کے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی طرف توجہ مبذول کروائی، جس کے لیے فنڈنگ ​​اور انتظامی شراکت داری کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے بتاہا کہ آئرلینڈ اگلے 25 سالوں میں ونڈ فارمز پر سمندر کے کنارے 37 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کی تعمیر پر تقریباً 100 ارب یورو(108.50 ارب ڈالر/ 398.50ارب درہم )خرچ کرے گا۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ٹرانسپورٹ،ہاؤسنگ اور بندرگاہوں میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر کووینی نے کہا کہ آئرلینڈ یورپی یونین میں سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی بہت ہی متحرک اور بڑھتی ہوئی معیشت کے ساتھ سب سے کم عمر آبادی کا ملک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ خطے کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کی تلاش میں ہے،جہاں سرمایہ کار آئرلینڈ کو ایک پرکشش اور قابل اعتماد منزل کے طور پر دیکھتے ہیں، اور یقیناً، آئرش کاروبار اور آئرش جدت خلیج کی ترقی کی کہانی کا بہت زیادہ حصہ ہو سکتے ہیں۔

آئرلینڈ کی تجارتی کامیابی کی کہانی

آئرلینڈ کی اقتصادی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئےآئرش وزیر نے کہا کہ ان کا ملک تجارت کے ذریعے یورپ کے غریب ترین ممالک میں سے ایک امیر ترین ملک میں تبدیل ہو گیا ہے۔
اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کی ترقی کی راستے پر آئرلینڈ نے غلطیاں بھی کی ہیں
انہوں نے تجویز پیش کی کہ دوسرے ممالک بھی ایسا ہی کر سکتے ہیں جسے ہمیں شیئر کرنے میں خوشی ہے۔
وزیر کووینی نے کثیرالجہتی اور ذمہ دار عالمی تجارتی قوانین کی وکالت کرتے کہا کہ ترقی کے مختلف مراحل میں مختلف ممالک کے لیے قابل فہم تفریق اور خصوصی انتظامات بھی اہم ہیں۔"لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ سب کے لیے مفت ہے۔"

ڈبلیو ٹی او میں اہم مسائل

ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) میں اہم مسائل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ نے یورپی یونین کے ساتھ مل کر ای کامرس لین دین کے لیے کسٹم ڈیوٹی پر پابندی کے لیے ڈبلیو ٹی او کی توسیع کی حمایت کی۔
ڈبلیو ٹی او میں تنازعات کے تصفیے کے طریقہ کار کے بارے میں، آئرش وزیر نے 2024 کے آخر تک ایک معاہدہ حاصل کرنے کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے عالمی صنعتی پالیسی کی تشکیل پر زیادہ اتفاق رائے پر زور دیا تاکہ دنیا بھر میں تجارت کے لیے ایک برابری کا میدان بنایا جا سکے۔ تاہم، وزیر نے تسلیم کیا کہ بعض معیشتوں کو ترقی کے لیے وقت اور جگہ کی ضرورت ہوتی ہے اور انہیں دوسروں کے مقابلے زیادہ سبسڈی کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
زرعی اصلاحات کے حوالے سے، انہوں نے بین الاقوامی اجناس کی قیمتوں کے تحفظ کے ساتھ خوراک کی حفاظت کے لیے عوامی اسٹاک ہولڈنگ کو متوازن بنانے کی ضرورت کو بھی تسلیم کیا۔
ابوظہبی اعلامیہ
ایم سی 13 ابوظہبی اعلامیہ کی منظوری کے ساتھ جمعہ کو اختتام پذیر ہوئی جو اہم تجارتی اور ترقیاتی پالیسیوں پر اتفاق رائے کی عکاسی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصادیات اور ابوظہبی ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ کی میزبانی میں، ایم سی13 ابوظہبی کے قومی نمائشی مرکز میں پانچ دنوں تک جاری رہی۔

ترجمہ۔تنویرملک