ابوظہبی، 4 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ وزارت اقتصادیات اور یورپی خواتین ایسوسی ایشن (ایوا) نے 'انویسٹمنٹ ریڈینسا ایکسلریشن ' پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ جو ایسا اقدام ہے جس سے متحدہ عرب امارات میں خواتین زیر قیادت اسٹارٹ اپس کو بااختیار بنایا جائے گا تاکہ انہیں نئے شعبوں میں کام کرنے ، فنڈنگ کو محفوظ بنانے اور سرمایہ کاروں تک اپنے نقطہ نظر کو مؤثر طریقے سے پہنچانے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جاسکے۔
اس پروگرام کا آغاز دبئی ملٹی کموڈٹیز سنٹر میں ایک تقریب میں کیا گیا ، جس میں ، وزارت اقتصادیات کے انڈر سیکرٹری عبداللہ احمد الصالح کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے کاروباری ماحول کی حمایت کرنے والے سرکاری اور نجی شعبوں کے نمائندوں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ پروگرام 2021 میں وزارت کی طرف سے شروع کردہ انٹرپرینیورل نیشن پروجیکٹ کا ایک جزو ہے، جو صنفی مساوات کو آگے بڑھانے اور متنوع اقتصادی شعبوں میں خواتین کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو ایسے کاروباری منصوبے قائم کرنے کی ترغیب دینا ہے جس سے ملک کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہو۔
عبداللہ احمد الصالح نے قیادت کی ہدایات کے تحت صنفی مساوات کو فروغ دینے اور معیشت میں خواتین کو بااختیار بنانے میں متحدہ عرب امارات کی پیشرفت کو اجاگر کرتے کہا کہ ایوا کے ساتھ نیا پروگرام ان کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اور قدم ہے۔
ایوا یورپی خواتین کی ایسوسی ایشن کی صدر یولیا سٹارک نے پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے معاشی سرگرمیوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زوردیتے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو ایسے منصوبے تشکیل دینے کے مواقع فراہم کرنا ہے جو متحدہ عرب امارات کے اندر اور باہر پائیدار اقتصادی ترقی میں شراکت کرسکیں۔
ترجمہ۔تنویرملک
وزارت اقتصادیات اور یورپی خواتین ایسوسی ایشن کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں خواتین زیر قیادت اسٹارٹ اپس کی مدد کے لیے پروگرام کا آغاز