ابوظہبی، 5 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ کویت کے امیر عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کا متحدہ عرب امارات کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے مضبوط برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔دونوں ممالک کے تعلقات مختلف شعبوں میں ایک ٹھوس اور پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے ہیں۔
یہ دورہ مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کی دانشمند قیادت کی بدولت، جس کی نمائندگی صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الجابرالصباح کررہے ہیں امارات-کویت کے تعلقات میں مسلسل ترقی سے ہم آہنگ ہے۔
دونوں ممالک کی قیادت اور ان کے حکومتی نمائندے دوطرفہ تعلقات کو نتیجہ خیز تعاون کے نئے افق کی طرف دھکیلتے ہوئے دوروں کے تبادلے کے خواہشمند ہیں۔
کئی سالوں پر محیط برادرانہ تعلقات، سماجی روابط اور اقتصادی تعاون کی بھرپور تاریخ کے ساتھ، کویت 1971 میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ سرکاری اور سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل تھا۔
دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، فوجی، سیکورٹی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں نمایاں ترقی اور تعاون کیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتیں سامنے آئی ہیں۔
سیاسی تعاون
علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ وژن کے تحت، متحدہ عرب امارات اور کویت بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے، سفارتی مذاکرات اور تنازعات کے حل کے حامی ہیں۔ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی برادریوں کے ساتھ تعاون کے ذریعے خطے میں امن کے لیے فعال کردار ادا کرتے ہیں۔
اقتصادی و تجارتی تعاون
دونوں ممالک کے درمیان غیرتیل کی تجارت میں غیرمعمولی 15 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، جو 2022 میں 2021 کی 10ہزار477ارب ڈالر کے مقابلے میں 12ہزار6ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
مزید برآں، 2018 اور 2022 کے درمیان تقریباً9ارب 65کروڑ62لاکھ ڈالر کی باہمی سرمایہ کاری ہوئی ، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
2003 - 2022 کے دوران متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کرنے والی کویتی کمپنیوں کی تعداد 54 جبکہ اسی عرصے میں کویت میں سرمایہ کاری کرنے والی اماراتی کمپنیوں کی تعداد 133 تک پہنچ گئی۔
سیاحت کے حوالے سے کویتی سیاحوں کی تعداد 2023 میں بڑھ کر 4لاکھ تک پہنچ گئی، جو 2022 میں 2لاکھ 50ہزارتھی، جب کہ کویت آنے والے اماراتی سیاحوں کی تعداد 2023 میں 50ہزار620تک پہنچ گئی۔ دونوں ممالک سرمایہ کاری اور سیاحوں کو راغب کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
ثقافتی و تعلیمی تعاون
ثقافت،تعلیم اور تربیت میں دو طرفہ معاہدوں کا مقصد تجربات کا تبادلہ اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے کویتی طلباء کی تعداد 1,240 تک پہنچ گئی ہے اور کویت تعلیمی میدان میں تعاون کو مزید بڑھاتے ہوئے مزید طلباء کو متحدہ عرب امارات میں تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔
فوجی و سیکورٹی تعاون
دونوں ممالک علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے سیکیورٹی اور مشترکہ فوجی مشقوں میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ امارتی ساختہ کارویٹ "بينونہ" نومبر میں کویت کے الشويخ پورٹ پر پہنچا تھا۔
کوپ28 میں کویت
کویت نے عالمی ماحولیاتی پائیداری میں معاونت کرنے والے کم کاربن پراجیکٹس تیار کرنے کے اقدامات پیش کرتے ہوئے کوپ28میں فعال طور پر حصہ لیا۔
کویت نے ماحولیاتی اقدامات کی حمایت میں، کانفرنس کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہونے میں اہم کردار ادا کیا، اور یو اے ای کی جانب سے شروع کیے گئے مینگروو الائنس فار کلائمیٹ میں شمولیت اختیار کی۔
ترجمہ۔تنویرملک