ابوظہبی، 5 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے کویت کے امیر عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی،جس کے دوران دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان گہرے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
یہ ملاقات ابوظہبی کے قصر الوطن میں ہوئی، جہاں عزت مآب شیخ محمد نے عزت مآب شیخ مشعل اور ان کے وفد کا یو اے ای میں خیرمقدم کیا۔ صدر مملکت نے امیر کویت کے لیے ان کے ملک اور عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کی رہنمائی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
عزت مآب رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوؤں خاص طور پر اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں پر تبادلہ خیال کرتے کہا کہ دونوں ممالک کے پائیدارترقی کے اہداف اور جاری پیشرفت سے حالیہ برسوں میں ان شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پردرپیش چیلنجوں کے جواب میں خلیج میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت کا جائزہ لیا۔ ان کی بات چیت کا مرکز خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک ، خاص طور پر علاقائی سلامتی اور استحکام کو تقویت دینے کے حوالے سے دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ مقاصد کے حصول پر تھا۔ عزت مآب رہنماوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ متحدہ عرب امارات اور کویت ان اجتماعی کوششوں کے کلیدی حامیوں کے طور پر کھڑے اورتمام جی سی سی کمیونٹیز کے فائدے کے لیے تعاون پر مبنی فریم ورک کو تقویت دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
عزت مآب شیخ محمد نے کہا کہ امیرکویت کا خلیج کا دورہ کرنے خاص طور پر موجودہ علاقائی مشکلات کی روشنی میں خلیجی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، علاقائی اتحاد کو مضبوط بنانے اور خلیجی عوام کی اتحاد اور تعاون کی مشترکہ امنگوں کی حمایت کے عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اس نقطہ نظر کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اسے اپنی اسٹریٹجک پالیسی کا ایک لازمی حصہ سمجھتا ہے۔
عزت مآب صدر نے عزت مآب شیخ مشعال کی قیادت اور وژن پر بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا کیونکہ وہ ملک کے بانیوں کی طرف سے قائم کردہ ترقی کے راستے پر کویت کی رہنمائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عزت مآب شیخ محمد نے کہا کہ ان کی نمایاں کامیابیوں کا اثر نہ صرف کویت بلکہ پورے خلیجی خطے پر پڑا ہے، جس نےخاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایک دیرپا میراث چھوڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پائیدار شراکت کو متحدہ عرب امارات کے عوام اور خلیجی برادری کی طرف سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیاگیا کہ دونوں ممالک اور شہریوں کے درمیان تعلقات ایک دیرینہ بھائی چارے،باہمی احترام اور افہام و تفہیم سے منسلک ہیں۔مشترکہ اہداف اورمتحدہ مستقبل کے لیے ان کے مشترکہ عزم سے یہ تعلق مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے ان مضبوط علقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا تاکہ مشترکہ مقاصد کے حصول میں دونوں ممالک کو ملدد حاصل ہوسکے۔
کویت کے امیر نے قصر الوطن میں وی آئی پی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات میں متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے اور وفد کے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہمان نوازی دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کی عکاسی ہے۔ عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو برقرار رکھنے کے لیے اللہ سے سے دعا کرتے ہوئے انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور فروغ دینے کے لیے کویت کے عزم کا اعادہ کیا۔
عزت مآب یو اے ای کے صدر نےعزت مآب شیخ مشعل اور کویتی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیاجس میں کئی شیوخ اوراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات اور ظہرانے میں نائب صدر،نائب وزیراعظم اورصدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصوربن زاید النہیان،ابوظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، عزت مآب شیخ حامد بن زاید النہیان، وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، صدارتی عدالت میں ترقی اور شہداء کے خاندانوں کے امور کے دفتر کے چیئرمین عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان، صدارتی عدالت میں خصوصی امور کے مشیرشیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علي بن حماد الشامسی،متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیرڈاکٹر انور قرقاش، وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل بن محمد المزروعی، وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر،وزیر مملکت برائے عوامی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سارہ الأميری، ابوظہبی کے محکمہ خزانہ کے چیئرمین اور ایگزیکٹو کونسل کے رکن جاسم محمد بوعتابہ الزعابی،، محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ کے چیئرمین اور ایگزیکٹو کونسل کے رکن محمد علی الشرفاء،ایڈوانس ٹیکنالوجی ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل اور ای ڈی جی ای کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فیصل البنائی اورکویت میں متحدہ عرب امارات کے سفیر ڈاکٹر مطرالنیادی شریک ہوئے۔
ترجمہ۔تنویرملک