ابوظہبی، 5 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ وزارت دفاع کی مشترکہ آپریشنز کمانڈ نے شمالی غزہ کی پٹی میں "برڈز آف گڈ نیس" آپریشن کے تحت متحدہ عرب امارات کی فضائیہ اور مصری فضائیہ کی طرف سے امدادی سامان فضا سے گرانے کے دوسرے مرحلے کو مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد جنگ سے تباہ حال فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کرنا ہے۔
دونوں ممالک کی مشترکہ ٹیموں نے تین طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے آپریشن کیا جس میں تقریباً 42 ٹن خوراک اور طبی امداد فضا سے گرائی گئی ، جس سے آپریشن شروع ہونے کے بعد سے مجموعی امداد 78 ٹن ہو گئی ہے۔
آپریشن "برڈز آف گڈ نیس" "گیلنٹ نائٹ 3" کے انسان دوست آپریشن کا حصہ ہے، جو صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت کے مطابق 5 نومبر 2023 کو شروع کیا گیا تھا۔
یہ آپریشن، جو کئی ہفتوں تک جاری رہے گا ،غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات اور مصر کے تعاون کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ غزہ کی پٹی کے سنگین حالات کی روشنی میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے عرب یکجہتی کا بھی ثبوت ہے۔
انسانی بنیادوں پری امدادی آپریشن متحدہ عرب امارات اور مصر کے فلسطینی عوام کو ہر قسم کی انسانی امداد فراہم کرنے اور ان کے مصائب کو کم کرنے کے چیلنجوں پر قابو پانے کے عزم کی عکاسی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک
متحدہ عرب امارات اور مصر کی جانب سے آپریشن 'برڈز آف گڈ نیس' کے تحت شمالی غزہ میں امداد کی دوسری کھیپ کی ترسیل