الحمریہ، 5 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ یو اے ای سیلنگ اینڈ روئنگ فیڈریشن کے صدر شیخ احمد بن حمدان بن محمد النہیان نے 2023 اور2024 کی پہلی سہ ماہی میں بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرنے والی ملک کی قومی ٹیموں کی شاندارکامیابیوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار الحمریہ کلب کے صدر دفتر میں 2024 میں فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے اجلاس کے دوران کیا، جس میں کلب کے بورڈ ممبران نے شرکت کی،اجلاس میں مستقبل کے منصوبوں کا اعلان اور موجودہ سیزن کے پروگراموں کے بارے میں تکنیکی رپورٹس پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
شیخ احمد نے گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں ہونے والی آئی ایل سی اے 6 ماسٹرز ورلڈ چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر عالمی چیمپئن عادل خالد کو مبارکباد پیش کی، جس سے تین سالوں میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے چوتھا عالمی تمغہ جیتاگیا۔
انہوں نے شاندار نتائج اور جدید سیلنگ ٹیم کی سرفہرت کامیابی پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مبارکباد پیش کی سیلنگ ٹیم نے 7 سے 11 فروری تک کویت میں منعقدہ 16 ویں عرب سیلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے تین گولڈ میڈل، ایک سلور اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا اور 13 ممالک میں مجموعی اسٹینڈنگ میں سرفہرست ہے۔
بورڈ نے خواتین کو سیلنگ اور جدید روئنگ کھیلوں میں بااختیار بنانے کے لیے کوششوں کو جاری رکھنے کی بھی سفارش کی۔
بورڈ نے مختلف ایونٹس میں پرعزم لوگوں کی شرکت اور تمام مقامی اور علاقائی چیمپئن شپ اور ٹورنامنٹس میں ان کی کامیابی کے مواقع فراہم کرنے کے بارے میں ایک رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا، جس کا اختتام اسپیشل اولمپکس یو اے ای کے ساتھ کامیاب شراکت پر ہوا جس میں پہلی جی سی سی ماڈرن سیلنگ چیمپئن شپ شامل ہوگی۔
شیخ احمد نے الحمریہ کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 2024 کے لیے فیڈریشن کے بورڈ کے پہلے اجلاس کی میزبانی پر بھی شکریہ ادا کیا اور کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نائب صدر احمد علی سعید الکتبی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ترجمہ۔تنویرملک
یو اے ای سیلنگ اینڈ روئنگ فیڈریشن کی جانب سے مستقبل کے منصوبوں کا اعلان