آمنہ الضحاك کا عالمی ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ

نیروبی، 5 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی وزیر، ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الضحاك الشامسی نے اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی (یو این ای اے-6) کے چھٹے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے عالمی ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ماحولیاتی اور آب و ہوا کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کااعادہ کیا۔
یو این ای اے کا چھٹا اجلاس کینیا کے دارالحکموت نیروبی، میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔ یو این ای اے-6 نے بنیادی طور پر اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ کس طرح کثیر جہتی نظام موسمیاتی تبدیلی، فطرت و حیاتیاتی تنوع کے نقصان اور آلودگی اور فضلہ کے تین گنابحران سے نمٹنے میں مدد کر سکتا ہے۔
اپنی خطاب کے دوران ڈاکٹرالضحاك نے کہاکہ 2023 کے آخر میں دبئی میں کوپ28 میں دنیا بھر کے ممالک نے شرکت کی،جو اب تک کی سب سے زیادہ جامع کانفرنس تھی۔ کانفرنس نے تاریخی یو اے ای اتفاق رائے کے ذریعے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو روکنے اور توانائی کے وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے میں مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔
وزیر نے کوپ28 میں موسمیاتی کارروائی کے لیے خوراک پر متحدہ عرب امارات کی توجہ کے حوالے سے آگاہ کرتے کہا کہ یہ کوپس کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ خوراک کو اتنی اہمیت دی گئی۔ یو اے ای کی کوششوں کو 159 ممالک نے تسلیم کیا،انہوں نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے "مینگروو الائنس فار کلائمیٹ" اور ایگریکلچر انوویشن مشن برائے آب و ہوا جیسے شروع کیے گئے مختلف اقدامات میں شرکت میں نمایاں اضافے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے پانی کی کمی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر شروع کیے گئے "محمد بن زاید واٹر انیشیٹو" کے آغاز کی اہمیت پر زور دیا جو عالمی شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے، پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے تکنیکی جدت کو تیز کرنے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بین الاقوامی تعاون کو وسعت دینے کی کوشش میں ایک قابل قدر اضافہ ہے۔
وزیر نے آب و ہوا اور ماحولیاتی کامیابیوں کے نتائج سے فائدہ اٹھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیر نے ساتویں اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدارت کے لیے عمان کی امیدواری کی حمایت کرنے پر ایشیائی اور بحرالکاہل گروپ کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی عمان کو یہ اعتماد حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
ماحولیات پر فیصلہ سازی کرنے والے اعلیٰ ترین ادارے کے طور پر، اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی کا مقصد انسانی معاشروں اور قدرتی دنیا کے درمیان ایک نئے توازن کو فروغ دینا ہے، جس سے عالمی سطح پر پسماندہ اور کمزور آبادیوں کی فلاح و بہبود کو بڑھانا ہے۔
گزشتہ نومبر میں دبئی میں کوپ28 کے پہلے دن ، لاس اینڈ ڈیمجز فنڈ کے حوالے سے ایک معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کا مقصد ان ممالک کو فنانسنگ فراہم کرنا ہے جو خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا شکار ہیں۔ اس پیش رفت کی روشنی میں، یو این ای اے -6 میں ایک دن اس کامیابی اور دیگر کامیاب کوششوں پر تبادلہ خیال کے لیے وقف کیاگیا۔
ترجمہ۔تنویرملک