عالمی سمندری مال برداری کے ریٹس نسبتاً استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں: فیاٹا صدر

ابوظہبی، 5 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ بین الاقوامی فیڈریشن آف فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشنز (فیاٹا) کے صدر ترگت ایرکسکن نے کہا ہے کہ گزشتہ نومبر سے نمایاں اضافے کے بعد عالمی سمندری مال برداری کے ریٹس مستحکم رہنے کی توقع ہے۔
دبئی میں منعقدہ فیاٹا-آر اے ایم سی (افریقہ مڈل ایسٹ ریجن ) کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحری جہاز رانی میں درپیش چیلنجز فضائی مال برداری کو بھی متاثر کررہے ہیں، جس کی وجہ سے ریٹس کووِڈ سے پہلے کی سطحوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
ایرکسکن نے سمندری مال برداری کی صلاحیت اور حجم میں اضافے کی توقع کا ظہار کرتے کہا کہ ممکنہ طور پر ریٹس میں استحکام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیش گوئی کے مطابق اقتصادی ترقی کی شرح 2024 میں 2.4 فیصد سے زیادہ رہے گی ، جو عالمی سطح پر لاجسٹکس اور مال برداری کے آپریشنز کو متاثر کرسکتی ہے۔
ایرکسکن کے مطابق، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری مشرق وسطیٰ اور افریقہ جیسے خطوں کی طرف منتقل ہو رہی ہے، جس سے رسد کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ سپلائی چین کی کارکردگی اور لچک کو بہتر بنانے کے لیے صنعتی اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لا کر موجودہ عالمی سپلائی چین کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کانفرنس ضروری ہے
ایرکسکن نے عالمی سپلائی چین کی لچک اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے متبادل طریقوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان طریقوں میں نئے تجارتی راستے، اور متبادل ٹرانزٹ کوریڈور کا قیام اور نقل و حمل اور لاجسٹکس کے عمل کو مزید موثر بنانےکے لیے ڈیجیٹل تبدیلی سے فائدہ اٹھانا شامل ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک