احمد بن محمد کی متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی سے 9ویں قومی کھیلوں کے دن میں شرکت کی اپیل

دبئی، 6 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ دبئی کے دوسرے نائب حکمران، قومی اولمپک کمیٹی (این او سی) کے صدر اور نیشنل سپورٹس ڈے کی سپریم کمیٹی کے صدر شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم نے کمیونٹی سے اس ہفتے کے آخر میں منعقد ہونے والے نیشنل سپورٹس ڈے کے نویں ایڈیشن میں شرکت کرنے پر زوردیا ہے۔
نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے کھیلوں کے لیے ایک دن مختص کیے جانے کے بعد قومی کھیلوں کا دن 7 مارچ جمعرات کو متحدہ عرب امارات ہمیں ایک ساتھ رکھتا ہے کے نعرے کے تحت منعقد کیا جارہا ہے۔اس اقدام کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کے کردار کو بڑھانا اور کمیونٹی کے اراکین کو روزمرہ طرز زندگی میں کھیلوں کو حصہ بنانے کی ترغیب دینا ہے ۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کو دنیا کے صحت مند اور فعال معاشروں میں سے ایک میں تبدیل کرنے کے وسیع تر وژن کی حمایت کرتا ہے۔
شیخ احمد بن محمد نے متحدہ عرب امارات کی ثقافتی و سماجی زندگی کی تشکیل میں کھیلوں کے کلیدی کردار کو اجاگرکیا۔ قیادت کی رہنمائی کے تحت، قوم ایک ایسی کمیونٹی میں تبدیل ہو گئی ہے جہاں کھیلوں کی سرگرمیوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جاتی ہے بلکہ جدید ترین سہولیات، معاون قانون سازی اور صحت اور تعلیم پر توجہ کے ذریعے انہیں روزمرہ زندگی میں شامل کیا گیا ہے۔
کھیلوں کی جامع نوعیت پر زور دیتے ہوئے، شیخ احمد نے عالمی انسانی حق کو فروغ دینے میں اولمپک تحریک کے کردار پر روشنی ڈالی، جو قومی کھیلوں کے دن کے مقصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
پورے ملک میں کھیلوں، ورثے اور کمیونٹی سرگرمیوں سے بھرپور24 گھنٹوں پر محیط ایونٹ، قومی کھیلوں کےنویں دن میں ہر عمر کے شرکاء کے لیے منفرد ایونٹس کا اہتمام ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سالانہ کھیلوں اور ثقافتی کیلنڈر میں ایک اہم تقریب، قومی کھیلوں کا دن ملک بھر میں مختلف قسم کے پروگراموں پر مشتمل ہے جو حکومتی اداروں، تعلیم کے شعبے اور وسیع تر کمیونٹی کی اجتماعی کوششوں سے سہولت فراہم کرتا ہے۔
اس سال کے قومی کھیلوں کے دن کا آغاز ساتوں امارات میں بڑے ایونٹس کے ساتھ ہوگا۔۔ ایونٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر 50,000 شرکاء کو رجسٹر کیا ہے، جن کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔
فجیرہ صبح 7:30 بجے فجیرہ کارنیش میں مرکزی واکنگ ایونٹ کی میزبانی کرے گا، اس کے بعد 8:00 بجے المطلاع کارنیش میں ایک اور واکنگ ایونٹ ہوگا۔ یہ تقریبات ایک وسیع تر شیڈول کا حصہ ہیں جس میں 41 کھیلوں کی سرگرمیاں شامل ہیں، جن میں 48 وفاقی اور مقامی حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ 40 مختلف مقامات پر کھیلوں، ثقافتی، کمیونٹی اور غیر ملکی کلبوں کی شرکت شامل ہے۔
ام القیوین ام القیوین مرینا میں اپنے مرکزی پروگرام کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے، جس میں شرکاء کے نظام الاوقات کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے دو الگ الگ سیشنزرکھے گئے ہیں۔ پہلا سیشن 9:00 سے 13:00 بجے تک چلے گا، جبکہ دوسرا سیشن 16:00 سے 19:00 بجے تک ہوگا۔ اس دن کی تقریبات کا آغاز واکنگ پریڈ سے ہوگا، جس میں مختلف سینئر سرکاری افسران اور ملازمین شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں گھوڑوں کی پریڈ اور موٹر سائیکل ٹیموں کی شرکت بھی شامل ہے۔
قومی کھیلوں کے دن میں پرعزم لوگوں کی نمایاں شرکت ہوگی، جس کی قیادت ام القیوین آٹزم سنٹر اور وزارت برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے کی ہے۔ پرعزم لوگوں کے لیے اس سال کی سرگرمیوں میں سمندری کھیل جیسے کیکنگ اور تیراکی شامل ہیں۔
عجمان میں واکنگ کی مرکزی تقریب ہیریٹیج ٹریل پر ہوگی جبکہ راس الخیمہ پولیس کی جنرل کمانڈ القواسم کورنیش میں راس الخیمہ کی مرکزی تقریب کا اہتمام کرے گی۔ شارجہ کی مرکزی تقریب خور فکان پارک میں ہوگی۔مشرقی ریجن اور سنٹرل ریجن میں بھی کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔ ابوظہبی اور دبئی دن بھر کھیلوں کی متعدد سرگرمیوں اور پروگراموں کی میزبانی کریں گے۔
متحدہ عرب امارات کی قومی اولمپک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل فارس المطوع نے شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم کی رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کیا جو قومی کھیلوں کے دن کے مقاصد کو فروغ دینے میں اہم رہی ہے۔
الأمين نے معاشرے کے تمام طبقات کے لیے مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ایگزیکٹو ٹیم کی لگن کو بھی سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں، ورثے اور تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد سے قومی کھیلوں کے دن کا جامع شیڈول متحدہ عرب امارات کے متحرک کمیونٹی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک