دبئی، 6 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ مالیاتی جرائم کی تحقیقات میں ملکی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے ایگزیکٹو آفس برائے انسداد منی لانڈرنگ و انسداد دہشت گردی فنانسنگ (ای او اے ایم ایل سی ٹی ایف) اور دبئی پولیس نے ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ مالیاتی جرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت (ایم او یو) پر باضابطہ دستخط کی تقریب کے ورلڈ ٹریڈ سینٹردبئی میں 5 سے7 تاریخ تک ورلڈ پولیس سمٹ کے تیسرے ایڈیشن کے موقع پر ہوئی۔
ایم او یو پرای او اے ایم ایل سی ٹی ایف کے ڈائریکٹر جنرل حامد الزعابی اور دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے کرمنل انویسٹی گیشن افیئرزمیجر جنرل خلیل ابراہیم المنصوری نے دستخط کیے۔
ای او اے ایم ایل سی ٹی ایف کے ڈائریکٹر جنرل حامد الزعابی نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ مالیاتی جرائم کی تحقیقات اور ان سے نمٹنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورسز مالی جرائم کے خلاف جنگ میں ایک ناگزیر ستون کے طور پر کام کررہی ہیں، مشتبہ غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کی قیادت کرتی ہیں اور سزاؤں کو یقینی بنانے کے لیے استغاثہ کے ساتھ قریبی تعاون کررہی ہیں۔ حالیہ برسوں میں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مالیاتی جرائم سے متعلق کئی ہائی پروفائل گرفتاریاں کی ہیں۔
اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے کرمنل انویسٹی گیشن امور دبئی پولیس میجر جنرل خلیل ابراہیم المنصوری نے کہا کہ یہ معاہدہ دبئی پولیس کی جانب سے مالی جرائم سے نمٹنے کے ذرائع کو بڑھانے کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دانشمند قیادت کی ہدایات کے تحت مشترکہ کوششوں سے قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں، حال ہی میں متحدہ عرب امارات کو فیٹف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) کی گرے لسٹ سے نکالاگیا ہے۔
اس نئے مفاہمت نامے کے ذریعے، ای او اے ایم سی ٹی ایف اور دبئی پولیس نے معلومات کے تبادلے اور خصوصی مطالعات میں تعاون بڑھانے، مشترکہ بیداری مہم چلانے اور تعلیمی پروگراموں، تربیتی کورسز اور ورکشاپس کا آغاز کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے تاکہ خصوصی اہلیت کو فروغ دیا جا سکے۔
ترجمہ۔تنویرملک
متحدہ عرب امارات کا ایم ایل سی ٹی ایف ایگزیکٹو آفس اور دبئی پولیس مالی جرائم سے مل کر نمٹیں گے