دبئی، 6 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ کے ادارے دبئی ماڈل سینٹر نے حمدان بن محمد پروگرام برائے گورنمنٹ سروسز فلیگ جیتنے کے لیے شارٹ لسٹ کئے گئے اداروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
دبئی میں کل سات سرکاری اداروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا جن کی خدمات کے معیار کو بڑھانے کے لیے کوششوں اور 'سروسز 360' پالیسی سے وابستگی کی بنیاد پر ان کا جائزہ لیا گیا،یہ اعلان تازہ ترین اسسمنٹ سائیکل کے اختتام کے بعد کیا گیا۔
شارٹ لسٹ کیے گئے سرکاری اداروں میں دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز، دبئی الیکٹرسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی، دبئی میونسپلٹی، دبئی پبلک پراسیکیوشن، دبئی پولیس، دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی و پورٹس، کسٹمز اور فری زون کارپوریشن شامل ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد اس شعبے میں عالمی رہنما بننے کی دبئی کی خواہشات کے مطابق حکومتی اداروں کی خدمات کے معیار کو مسلسل بلند کرتے ہوئے صارفین کے تجربے کو بڑھانا ہے۔
شارٹ لسٹ شدہ اداروں کا جائزہ پانچ معیارات، نتائج و اثرات، مکمل حکومتی نقطہ نظرپر عمل درآمد ، اختراع، سروس کلچر اور نتائج کی پائیداری کی بنیاد پر کیا گیا ہے اس کے بعد، سات اداروں کو کسٹمر کی جانچ سے گزرنا پڑے گا، جس کے دوران صارفین آنے والے ہفتوں میں ان اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے اپنی رائے دیں گے۔
دبئی ماڈل سنٹر کے سینئر ڈائریکٹر ایمان السویدی نے کہا کہ دبئی ماڈل سنٹر 'سروسز 360' پالیسی پر عمل درآمد کے ذریعے شاندار سرکاری خدمات کی فراہمی میں عالمی رہنما کے طور پر دبئی کی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن اور دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشدالمکتوم کی ہدایات کے مطابق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی ماڈل سینٹر کی جانب سے ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے تیار کردہ 'سروسز 360' پالیسی کے آغاز کے بعد سے، ہم نے اس ڈومین میں اعلیٰ درجے کی کاکردگی حاصل کرنے کے لیے تمام سرکاری اداروں کی انتھک کوششوں کا مشاہدہ کیا ہے۔
تشخیص کے آخری مرحلے میں صارفین کو شارٹ لسٹ شدہ اداروں پر اپنی رائے کا اشتراک کرنا ہوگا ۔ آنے والے ہفتوں میں، ادارے صارفین کو آزاد سروے تقسیم کریں گے جو اپنے تجربات کی بنیاد پر خدمات کا جائزہ لیں گے۔ سروے کے نتائج کی بنیاد پر، ایک سرکاری ادارے کو حمدان بن محمد پروگرام برائے سرکاری خدمات برائے سال 2023 کا فلیگ دیا جائے گا۔
دبئی کی 'سروسز 360' پالیسی امارات میں سرکاری خدمات کے مستقبل کے لیے ایک روڈ میپ کا خاکہ پیش کرتی ہے، جس کا مقصد 100 فیصد آٹومیشن، 90 فیصد انضمام اور 90 فیصد ڈیجیٹل سروسزفراہم کرنا ہے۔ اس پالیسی سے 2025 تک 1ارب درہم سے زیادہ سالانہ بچت کی توقع ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک
دبئی ماڈل سینٹر کا حمدان بن محمد پروگرام برائے گورنمنٹ سروسز فلیگ کے لیے شارٹ لسٹڈ اداروں کا اعلان