متحدہ عرب امارات ثقافتی تنوع کے تحفظ اور فروغ کے لیے یونیسکو کی بین الحکومتی کمیٹی کا نائب صدر منتخب

ابوظبی، 8 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کو 2025 کے لیے ثقافتی اظہار کے تنوع کے تحفظ اور فروغ کے لیے یونیسکو کی بین الحکومتی کمیٹی (آئی جی سی ) کا نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ تقرری ثقافتی تنوع میں متحدہ عرب امارات کے تعاون اور علاقائی اور عالمی سطح پر کثیر الثقافتی اور مہذب تشخص کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ یہ تقرری کمیٹی کے 17ویں اجلاس کے دوران کی گئی جو حال ہی میں پیرس میں یونیسکو کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران یونیسکو میں متحدہ عرب امارات کے مستقل وفد نے ثقافتی اظہار کے تنوع کے تحفظ اور فروغ کے کنونشن میں اپنے وسیع تجربے کے پیش نظر، 2025 تک کی مدت کے لیے کمیٹی کے وائس چیئر کے عہدے کے لیے ملک کو نامزد کیا۔ متحدہ عرب امارات کا مستقل وفد اس سے قبل 2023 میں کمیٹی کے نمائندہ کے عہدے پر فائز تھا۔ ایک بیان میں ثقافت کے وزیر اور قومی کمیشن برائے تعلیم، ثقافت اور سائنس کے چیئرپرسن شیخ سالم بن خالد القاسمی نے کہا کہ ثقافتی اظہار کے تنوع کے تحفظ اور فروغ کے لیے یونیسکو کی بین الحکومتی کمیٹی کے نائب چیئر کے طور پر متحدہ عرب امارات کا انتخاب ایک اہم اقدام ہے اور یہ ثقافتی اظہار کے تحفظ اور فروغ کے لیے قوم کی لگن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 200 سے زائد قومیتوں کے ساتھ جو اتحاد میں رہتے ہیں اور ملک بھر میں قانون کی حکمرانی کے تحت چل رہے ہیں متحدہ عرب امارات ثقافتی تنوع کی روشنی کے طور پر کھڑا ہے۔ یہ ہم آہنگی بات چیت، رابطوں اور رواداری کے لیے ہمارے عزم میں جڑی ہوئی ہے جس سے ایک ایسا معاشرہ تشکیل پاتا ہے جہاں تنوع کو نہ صرف قبول کیا جاتا ہے بلکہ یہ ہماری ترقی اور سماجی ترقی کا سنگ بنیاد ہے۔ شیخ سالم نے کہاکہ یہ ہماری دانشمند قیادت کے وژن کی وجہ سے ممکن ہوا جس نے ضروری فریم ورک اور قانون سازی قائم کی ہے ۔ ترجمہ: ریاض خان