ایمریٹس فاؤنڈیشن اور پیور ہیلتھ کی جانب سے ایکٹو ابوظہبی اقدام کا اعلان

ابوظہبی، 9 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ صدارتی عدالت برائے ترقی و شہدا امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کی موجودگی میں امارات فاؤنڈیشن نے پیورہیلتھ کے ساتھ ایکٹو ابوظہبی اقدام کے لیے شراکت داری کی ہے۔
عزت مآب شیخ ذیاب کوابوظہبی میں 18 مارچ سے14 دنوں کے لیے فٹنس سرگرمیوں کے ایک سال طویل پروگرام کے ذریعے فعال اورصحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کے اقدام بارے بریفنگ دی گئی۔
ابوظہبی کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حالیہ اعداد وشمارکے مطابق ابوظہبی کی 37.3 فیصد آبادی پہلے ہی عالمی ادارہ صحت کی عالمی جسمانی سرگرمیوں کے رہنما اصولوں پر پورا اتررہی ہے۔ایکٹو ابوظہبی کا مقصد کھیلوں میں شمولیت اورمثبت سماجی تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے کمیونٹی کے اس سے بھی بڑے طبقے کو ایک فعال طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔
پیورہیلتھ کی جامع،اے آئی سے چلنے والی ایپ Pura کے ذریعےپیورہیلتھ اور ایکٹو ابوظہبی کے درمیان تعاون ایک صحت مند، زیادہ لچکدار معاشرے کی حوصلہ افزائی کرے گا جہاں انفرادی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جاتی ہے۔ Puraایپ چیلنجز تک رسائی فراہم کرے گی، شرکت کرنے والوں کی حوصلہ افزئی کرتے ہوئے فعال ابوظہبی میں مجموعی شرکت کو بہتر اور صحت مند طرز زندگی کی طرف پیش رفت کی جائے گی۔
ایمریٹس فاؤنڈیشن کے سی ای او احمد الشامسی نے کہاکہ پیورہیلتھ اور ایکٹو ابوظہبی کے درمیان یہ شراکت داری مثبت تبدیلی کے لیے ہماری اجتماعی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ جب ہم اپنی مہارت اور وسائل کو یکجا کرتے ہیں، تو ہم نہ صرف تعاون بلکہ ایک صحت مند، زیادہ مربوط کمیونٹی کی طرف ایک تحریک کوفروغ دیتے ہیں۔ ایک ساتھ مل کر، ہم صحت، تندرستی، اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے میں کیا ممکن ہے اس کی دوبارہ وضاحت کریں گے، ابوظہبی اور اس سے باہر پراثر شراکت داری کے لیے ایک نیا معیار قائم کریں گے۔
پیورہیلتھ کی گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر شائستہ آصف نے کہاکہ پیورہیلتھ میں ہمارا وژن لمبی عمر کو ممکن بنا کر انسانیت کے لیے وقت حاصل کرناہے تاکہ لوگ طویل، صحت مند، خوش اور بھرپور زندگی گزاریں۔ ایکٹو ابوظہبی کے ساتھ ہمارے اشتراک کے ذریعے، ہم ایک متحرک، صحت کے بارے میں شعور رکھنے والی کمیونٹی کے اس وژن کو پورا کرنے کے قریب ہیں جو فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی ہے۔
ایکٹو ابوظہبی کے بانی منصور الظاہری نے کہاکہ ایکٹو ابوظہبی اس اقدام کے ذریعے کمیونٹی کو متحد کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس سے پیور ہیلتھ کے ساتھ مل کر ہماری رسائی وسیع ہوگی اور ہمارے اثرات میں اضافہ ہوگا کیونکہ ہم صحت اور تندرستی کو ایک بھرپور زندگی کے بنیادی ستون کے طور پر آگے بڑھارہے ہیں۔
پہلا قدم سال بھر کے کیلنڈر میں ابوظہبی کا پہلا ایکٹو ایونٹ ہے، 14 دن کے واکنگ چیلنج پر مشتمل یہ اقدام18 مارچ کو ام الامارات پارک میں شروع ہوگا۔ یہ ایونٹ فٹنس کی تمام سطحوں کے لوگوں کے لیے کھلا رہے گا اور شرکاء روزانہ کے چیلنجز اور معلومات کے ساتھ ساتھ انعامات اور مراعات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں جو متعلقہ چیلنجز سے منسلک ہوں گے۔ یہ 18 مارچ پیر سے دو ہفتوں کی مدت کے دوران روزانہ سہ پہر 3 سے شام 6 بجے اوررات 8 بجے سے رات 11بجے تک کھلا رہے گا۔ شرکاء ذاتی طور پر حصہ لینے کے لیے پارک میں مفت داخل ہو سکتے ہیں۔ یا Pura ایپلی کیشن کے ذریعے کہیں سے بھی ورچوئلی طور پر حصہ لے سکتے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک