ابوظہبی، 9 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ وزارت دفاع کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے شمالی غزہ کی پٹی پر متحدہ عرب امارات کی فضائیہ اور مصری فضائیہ کی طرف سے فلسطینی بھائیوں کے دکھ درد اور ان کو جن مشکل حالات کا سامنا ہے ان پر قابو پانے میں مدد کے لیے انسانی امداد کے چھٹے ایئر ڈراپ کے مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
دونوں ممالک کے مشترکہ عملے نے شمالی غزہ کے لیے 62 ٹن خوراک اور طبی امداد لے جانے والے طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے چھٹا ایئر ڈراپ آپریشن مکمل کیا، جس سے "برڈز آف گڈ نیس" آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک 293 ٹن امداد فراہم کی گئی ہے۔ "برڈز آف گڈ نیس"، جو کئی ہفتوں تک جاری رہے گا، غزہ کی آبادی کی مدد کرنے اور ان کو جن نازک حالات کا سامنا ہے ان کی روشنی میں ان کی مدد کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے مشترکہ اماراتی-مصری ہم آہنگی کی عکاسی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی طرف سے غزہ کی پٹی کو فراہم کردہ سامان کی مقدار 21ہزارٹن سے زیادہ ہو چکی ہے، جو 200 سے زیادہ پروازوں اور 520 سے زیادہ ٹرکوں کے ساتھ ساتھ دو بحری جہازوں کے ذریعے پہنچائی گئی ۔
متحدہ عرب امارات نے "گیلنٹ نائٹ 3" آپریشن کے ذریعے،12لاکھ گیلن یومیہ پانی صاف کرنے کے چھ اسٹیشن قائم کیے ہیں، جنہیں غزہ کی پٹی میں پمپ کیا جاتا ہے، جس سے6لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہورہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے دو فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیے ہیں، پہلا جنوبی غزہ میں اماراتی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں، جس میں 100 سے زیادہ ڈاکٹر، نرسیں، فارماسسٹ اور لیب ٹیکنیشن کام کررہے ہیں۔ ہسپتال نے 2 دسمبر 2023 کو اپنے افتتاح کے بعد سے تقریباً 7,951 مریضوں کا علاج کیا ہے۔
دوسرا العریش شہر کے ساحل سے دور ایک فلوٹنگ ہسپتال ہے، جس میں 200 بستر ہیں، جس میں 26 فروری 2024 کو طبی خدمات فراہم کرنا شروع کی گئیں۔ویڈیو کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے فیلڈ ہسپتال میں فوری طبی مشاورت کے لیے سٹار لنک انٹرنیٹ سروس بھی فراہم کی گئی ہے۔
صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر غزہ سے 545 سے زائد افراد کو طبی امداد کے لیے متحدہ عرب امارات لایا گیا۔
متحدہ عرب امارات نے 72ہزارسے زیادہ لوگوں کی روزمرہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 5 خودکار بیکریاں بھی قائم کی ہیں جبکہ غزہ میں 7 موجودہ بیکریوں کو آٹا فراہم کیا جارہا ہے، جو ہر روز 14ہزارافراد کی روزمرہ ضروریات کو پورا کررہی ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک
متحدہ عرب امارات اور مصر نے 'برڈز آف گڈ نیس' کے تحت غزہ میں چھٹا امدادی آپریشن مکمل کرلیا
