متحدہ عرب امارات کا رمضان المبارک کے دوران سوڈان میں جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیر مقدم

ابوظہبی، 9 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے جس میں مسلسل بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال کی روشنی میں سوڈان میں رمضان المبارک کے دوران جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایک بیان میں وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ قدم سوڈان کے فریقوں کے درمیان بحران کے خاتمے، سوڈانی عوام کو مزید مصائب سے بچانے اور متاثرہ علاقوں خاص طور پر سب سے زیادہ کمزور گروہوں کے لیے، بشمول بیماروں، بچوں، بوڑھوں اور خواتین تک امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کا باعث بنے گا۔
وزارت نے کشیدگی میں کمی، جنگ بندی کے حصول، اور سیاسی مذاکرات شروع کرنے کے لیے تمام کوششوں کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کیا جس سے امن، تحفظ اور سلامتی کی بحالی میں سہولت فراہم کرتے ہوئے برادر سوڈانی عوام کی استحکام اور خوشحالی کی خواہشات پورا ہوں گی۔
ترجمہ۔تنویرملک