عبداللہ بن زاید اورکینیڈا کی وزیرخارجہ کا تازہ ترین علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

دبئی، 10 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال خصوصاً غزہ کے انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دبئی میں شیخ عبداللہ نے کینیڈا کی وزیر خارجہ جولی سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے ایک پائیدار جنگ بندی کے حصول کے لیے بین الاقوامی برادری کی کوششوں میں اضافے کی اہمیت اورفلسطینی عوام کی ضروریات کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی فوری ترجیح اور تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور خطے میں انتہا پسندی،کشیدگی اورتشدد کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزراء نے غزہ کےلئے مزید انسانی امداد پہنچانے کے لیے میری ٹائم کوریڈور کو فعال کرنے کے اقدام کا بھی جائزہ لیا جس کا حال ہی میں اعلان کیا گیا تھا۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اوردونوں ممالک اور ان کے عوام کے باہمی مفادات کی خدمت کے لیے متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے دستیاب مواقع پر بھی غور کیا گیا۔
شیخ عبداللہ نے کینیڈا اور اس کے عوام کے لیے مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان منفرد تعلقات کو اجاگر کیا۔
ترجمہ۔تنویرملک