متحدہ عرب امارات اور مصر نے غزہ میں ساتواں امدادی ایئر ڈراپ مکمل کرلیا

ابوظہبی، 10 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ وزارت دفاع کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے شمالی غزہ کی پٹی میں متحدہ عرب امارات کی فضائیہ اور مصری فضائیہ کی طرف سے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے ساتویں ایئر ڈراپ کو مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، "برڈز آف گڈ نیس" آپریشن کے تحت ایئر ڈراپ کا مقصد جنگ سے تباہ حال فلسطینی عوام کی تکالیف کو کم کرنا ہے۔
دونوں ممالک کی مشترکہ ٹیموں نے تقریباً 62 ٹن خوراک اور طبی امداد سے لدے طیاروں کے ذریعے آپریشن مکمل کیا، جس سے آپریشن کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 311 ٹن امداد فراہم کی گئی ۔
کئی ہفتوں تک جاری رہنے والا یہ امدادی آپریشن غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات اور مصر کے تعاون کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ امداد غزہ کی پٹی کے سنگین حالات کی روشنی میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے عرب یکجہتی کے فریم ورک کے تحت فراہم کی جارہی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک