امارات کا تیسرا امدادی جہاز آئندہ دو روز میں غزہ کے لیے روانہ ہو گا

ابوظہبی، 11 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے اور امارات ہلال احمر(ای آر سی) کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کی ہدایت اور "گیلنٹ نائٹ 3" آپریشن کے تحت تیسرا اماراتی امدادی بحری جہازاگلے دو دنوں میں متحدہ عرب امارات سے مصر کے شہر العریش کے لیے روانہ ہوگا۔

یہ جہاز غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیے 4ہزار500ٹن امدادی سامان لے کر جائے گا، جس میں خوراک، طبی سامان، بچوں کے لیے غذائی سپلیمنٹس، موسم سرما کے کپڑے، پناہ گاہوں کا سامان اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

شیخ حمدان کی جانب سے امدادی جہاز بھیجنے کی ہدایات 'گیلنٹ نائٹ تھری' آپریشن کے حصے کے طور پر قوم کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کے عین مطابق ہیں، جس کا مقصد غزہ میں حالیہ واقعات سے متاثرہ افراد کی اہم ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

یہ اقدام غزہ میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات کے انسانی عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ تیسرے جہاز کی روانگی رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز کے موقع پر ہورہی ہے جس کا مقصد اس عرصے کے دوران غزہ کی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

زمین پر موجود ای آر سی ٹیموں کے ساتھ مل کر، حالیہ واقعات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے غزہ کے علاقوں میں جہاز کے امدادی سامان کی موثر تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ای آر سی فلسطینیوں کو درپیش اہم انسانی چیلنجوں سے نمٹنے خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے کے دوران مناسب خوراک کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ پوری طرح پرعزم ہے۔

دسمبر 2023 میں، متحدہ عرب امارات نے انسانی بنیادوں پر آپریشن کے تحت العریش اپنا ابتدائی طبی امدادی جہاز بھیجا تھا۔ اس جہاز میں 4,016 ٹن مختلف امدادی اشیاء شامل تھیں، جن میں 3,465 ٹن خوراک، 420 ٹن پناہ گاہ کا سامان، اور 131 ٹن طبی سامان شامل تھا۔

اس کے بعد ایک امدادی کھیپ فروری میں روانہ کی گئی اس دوسرے جہاز میں 4,303 ٹن خوراک، 154 ٹن پناہ گاہوں کا سامان اور 87 ٹن طبی سامان شامل تھا۔