ٹرینڈز اور ہیگ سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے

ابوظہبی، 12 مارچ، 2024 (وام) - ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری اور ہیگ سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز (ایچ سی ایس ایس) نے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان تحقیقی تعاون کے امکانات اور ذرائع کا احاطہ کرتا ہے۔

ہیگ سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز نیدرلینڈز اور دنیا کے معروف تحقیقی اداروں میں سے ایک ہے۔ یہ معاہدہ تحقیق اور خصوصی مطالعات کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کی جانب ایک قدم ہے۔

یہ معاہدہ دونوں مراکز کے درمیان سائنسی تحقیق کے مختلف شعبوں میں جامع تعاون کو ممکن بناتا ہے، جس میں مرکوز تحقیق اور متنوع مطالعات شامل ہیں۔ اس میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، ماہرین اور محققین کے تبادلے، رائے عامہ کے جائزوں اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر بصیرت میں تعاون کا احاطہ کیا گیا ہے۔

دونوں فریقین کانفرنسوں، سیمیناروں اور ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔ اس کے علاوہ مشترکہ اشاعتوں اور تحقیقی مطالعات میں بھی تعاون کریں گے۔

ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کے سی ای او ڈاکٹر محمد عبداللہ العلی نے کہا کہ یہ معاہدہ دنیا بھر کے معروف تحقیقی اداروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی ٹرینڈز کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ، "اس معاہدے کے ذریعے، ہم اپنی تحقیق اور مطالعہ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی امید کرتے ہیں تاکہ ہمارے خطے اور اس سے آگے کے مستقبل سے متعلق مختلف شعبوں کو شامل کیا جا سکے۔ ہمارا مقصد مشترکہ تشویش کے امور پر بین الاقوامی مکالمے کو فروغ دینا اور امن و استحکام کے حصول کے لئے جدید حل پیش کرنا ہے۔ اس طرح، ہم 'علم کے ذریعے مستقبل کی پیش گوئی' کے ٹرینڈز کے نعرے کی تصدیق کریں گے۔"

ہیگ سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اس کے بانیوں میں سے ایک مائیکل ریڈمیکر نے کہاکہ، "ہم دی ہیگ سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کے ساتھ اس شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ تجربات کا تبادلہ کرنے اور تحقیق اور خصوصی مطالعہ میں تعاون کرنے کا ایک موقع ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ معاہدہ سائنسی تحقیق میں بین الاقوامی تعاون کو بڑھائے گا اور دنیا کو درپیش چیلنجوں کا سائنسی حل فراہم کرے گا۔"