فروری 2024 میں پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں 118 فیصد اضافہ

اسلام آباد، 13 مارچ، 2024 (وام) – پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فروری 2024ء کے دوران پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 118.36 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق فروری 2024 میں گاڑیوں کی فروخت بڑھ کر 7,953 یونٹس تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے دوران فروخت ہونے والے 3,642 یونٹس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

تاہم پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں مالی سال 23-2022 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 40.92 فیصد کمی دیکھی گئی۔

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جائزہ مدت کے دوران 46,417 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 78,575 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔