قبرص سے میری ٹائم کوریڈور کے ذریعے متحدہ عرب امارات کا امدادی جہاز غزہ پہنچ گیا

ابوظہبی، 15 مارچ، 2024 (وام )۔۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھیجا گیا 200 ٹن خوراک اور امدادی سامان سے لدا پہلا جہاز غزہ پہنچ گیا ہے۔ یہ امداد یو اے ای، ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) اور جمہوریہ قبرص کے تعاون سے قبرص کی لارناکا بندرگاہ سے غزہ تک قائم میری ٹائم کوریڈور کے ذریعے پہنچائی گئی۔

ایک بیان میں، وزارت خارجہ (ایم او ایف اے) نے شمالی غزہ کی پٹی تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے املثیا میری ٹائم کوریڈور میں کوششوں کو متحرک کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوں پر زور دیا۔ وزارت نے شمالی غزہ کے شہریوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لیے قبرص، ورلڈ سینٹرل کچن، اور بین الاقوامی شراکت داروں کی اہم کوششوں کو سراہا۔

مزید برآں، وزارت نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں بڑھتی ہوئی انسانی تباہی کے لیے فوری، محفوظ، بلا روک ٹوک اور پائیدار امداد کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے، معصوم شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو فوری طور پر کم کرنے کے لیے اجتماعی بین الاقوامی موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔

وزارت نے اس بات کی توثیق کی کہ میری ٹائم کوریڈور تمام ممکنہ راستوں سے انسانی امداد اور تجارتی اشیا کے بہا کو بڑھانے کے لیے ایک مستقل اور وقف کوشش کا حصہ ہے۔

برادر فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی اور امداد فراہم کرنے کے لیے انسانی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی کوششوں کے تحت متحدہ عرب امارات نے خوراک، پانی اور طبی اشیا سمیت 21ہزار ٹن سامان فراہم کیا ہے۔ جو 213 پروازوں، 8 ایئر ڈراپس، 946 ٹرکوں اور دو جہازوں کے ذریعے روانہ کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات نے کئی پائیدار امدادی منصوبے بھی شروع کررکھے ہیں جن میں مصر کی العریش بندرگاہ پر لنگر انداز ایک فلوٹنگ ہسپتال کے علاوہ جنوبی غزہ کی پٹی میں ایک فیلڈ ہسپتال قائم کرکے غزہ کے شہریوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک