محمد بن راشد کااحمد بن سعید المکتوم کی قیادت میں دبئی ہولڈنگ میں 'نخیل اور میدان' کو شامل کرنے کا حکم

دبئی، 16 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایت کے مطابق نخیل اور میدان دبئی ہولڈنگ کے ساتھ مل کر ایک متحد اور مربوط وژن کے ذریعے ترقی کو برقرار رکھنے اور آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

نخیل اور میدان شیخ احمد بن سعید المکتوم کی قیادت میں دبئی ہولڈنگ کا حصہ بننے والے ہیں۔ نخیل اور میدان کمپنی دونوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ختم کر دیا جائے گا۔

عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہاکہ ہماری اقتصادی ترقی کو تقویت دینے اور فروغ دینے کے لیے ایک نئے سنگ میل میں آج ہم نے دبئی ہولڈنگ کے نیچے نخیل اور میدان کمپنیوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی جس میں شیخ احمد بن سعید المکتوم کی قیادت میں ٹیکنالوجی، میڈیا، مہمان نوازی، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور دیگرشعبوں میں متنوع پورٹ فولیو کے ساتھ ایک عالمی اقتصادی ادارہ تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسکامقصد ایک زیادہ مالی طور پر موثر ادارہ بنانا ہے جو سینکڑوں ارب مالیت کے اثاثوں کا مالک ہے اور مختلف شعبوں میں عالمی مہارت پر مشتمل ہے جس کے ساتھ ہم علاقائی اور عالمی سطح پر مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اسکے ساتھ ہم اپنے قومی مقاصد کو حاصل کر سکتے ہیں اور دبئی کے اقتصادی ایجنڈے D33 کو حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس نئے مشن پر ٹیم کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔ ہم ایک آنے والے مرحلے کے بارے میں پرامید ہیں جہاں ہم اپنی ترقی کو کئی گنا بڑھائیں گے، اپنے عزائم کا مقابلہ کریں گے اور اپنے لوگوں کے لیے اپنے معاشی وژن کو حاصل کریں گے۔ 2004 میں اپنے قیام کے بعد سے دبئی ہولڈنگ نے جدت اور علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے مقصد سے مثبت پیشرفت جاری رکھی ہے۔ دبئی ہولڈنگ نے جمیرہ گروپ، دبئی پراپرٹیز اور TECOM گروپ کو اپنے پورٹ فولیو میں شامل کیا ہے۔

TECOM گروپ اکیلے دس سیکٹر پر مرکوز بزنس کلسٹرز کا مالک ہے اور اسے چلاتا ہے جس میں دبئی انٹرنیٹ سٹی اور دبئی میڈیا سٹی نمایاں ہیں۔ نخیل اور میدان نے متعدد شعبوں میں کئی منصوبے شروع کیے ہیں جن میں رئیل اسٹیٹ، ریٹیل، مہمان نوازی، خوراک ومشروبات اور تفریح اور صحت کی دیکھ بھال شامل ہیں۔ نخیل اور میدان دبئی ہولڈنگ میں شامل ہوں گے تاکہ ریئل اسٹیٹ، سیاحت، مہمان نوازی اور تفریح اور سرمایہ کاری کے متعدد شعبوں میں کام کرنے والے ایک انتہائی متنوع گروہ کو مزید ترقی دی جاسکے۔

یہ اقدام معیشت کو متنوع بنانے اور عالمی منڈی میں ان کی مسابقت کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے خدمات اور مہارت کے ایک تکمیلی مجموعہ کو یکجا کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ سٹریٹجک وژن عالمی سطح پر خصوصی خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا جو ابھر رہے ہیں اور طویل مدت میں متوقع عالمی طلب کو پورا کریں گے۔

ترجمہ: ریاض خان