صدرعزت مآب شیخ محمد اور ورلڈ سینٹرل کچن کی سی ای او کا غزہ کے لیے امداد میں اضافہ کرنے پرتبادلہ خیال

ابوظہبی، 16 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایرن گور سے ملاقات کی، جو کہ انسانی بحران سے متاثرہ لوگوں کو کھانا فراہم کرنے میں مہارت رکھنے والی ایک امریکی غیر منافع بخش تنظیم ہے۔

ابوظہبی کے قصرالوطن میں ہونے والی ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے اہم اداروں اور ڈبلیو سی کے کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد غزہ کی پٹی میں فوری انسانی ضرورت کو پورا کرنا اور زمینی، فضائی اورسمندرکے راستے سے غزہ میں امداد کی زیادہ سے زیادہ ترسیل ممکن بنانا ہے۔

ملاقات میں غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے قبرص اور غزہ کے درمیان میری ٹائم کوریڈور امالثيا اقدام کے لیے تعاون کو متحرک کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا، جس کے تحت متحدہ عرب امارات اورڈبلیو سی کے کے تعاون سے 200 ٹن خوراک اور امدادی سامان غزہ پہناچایا گیا ہے۔

عزت مآب نے دنیا بھر میں ورلڈ سینٹرل کچن کے انسانی ہمدردی کے کردار خاص طور پر بحرانوں اور آفات سے دوچار علاقوں میں، اور غزہ کی پٹی میں امداد پہنچانے میں اس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے غزہ کے مکینوں کی تکالیف کو کم کرنے اور ہر ممکن طریقے سے انسانی امداد کو بڑھانے کے لیے تنظیم اور دیگر علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

ایرن گور نے ورلڈ سینٹرل کچن اور یو اے ای کے درمیان تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے عزت مآب شیخ محمد کی کوششوں اور غزہ کو امداد فراہم کرنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان اور صدارتی عدالت کے مشیر برائے خصوصی امور شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان نے شرکت کی۔


ترجمہ۔تنویرملک