ویلنگٹن، نیوزی لینڈ، 20 مارچ، 2024 (وام / اے پی) - - نیوزی لینڈ نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ ڈسپوزایبل ای-سگریٹ (ویپس) پر پابندی لگائے گا اور نابالغوں کو یہ مصنوعات فروخت کرنے والوں کے لیے مالی جرمانے میں اضافہ کرے گا۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ ہی حکومت نے سابقہ حکومتی دور میں نوجوانوں کو سگریٹ خریدنے سے روکنے کے لیے وضع کیے گئے ایک منفرد قانون کو منسوخ کر دیا تھا۔ یہ قانون نوجوانوں پر سگریٹ خریدنے کی تاحیات پابندی عائد کرتا تھا۔
نیوزی لینڈ کی ایسوسی ایٹ ہیلتھ منسٹر کیسی کوسٹیلو نے بدھ کے روز کہا کہ ای-سیگریٹ "تمباکو نوشی چھوڑنے کا ایک اہم آلہ" ہیں اور نئے قوانین کم عمر افراد کو یہ عادت اپنانے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
کوسٹیلو نے کہا کہ اگرچہ ویپنگ نے ہمارے تمباکو نوشی کی شرح میں نمایاں کمی میں اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن نوجوانوں میں ویپنگ میں تیزی سے اضافہ والدین، اساتذہ اور صحت کے پیشہ ور افراد کے لئے ایک حقیقی تشویش ہے۔
نئے قوانین کے تحت 18 سال سے کم عمر بچوں کو ویپ فروخت کرنے والے خوردہ فروشوں کو ایک لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر (60 ہزار امریکی ڈالر) تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ افراد پر ایک ہزار نیوزی لینڈ ڈالر (600 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
نئے قوانین کے تحت، ای-سگریٹ کو ایسی تصاویر کے ساتھ فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی جو نوجوانوں کو متوجہ کرتی ہوں یا پھر ایسا نام دیا جائے گا جو ان کی دلچسپی کو بڑھائے۔