متحدہ عرب امارات کا بائیو فیول سے متعلق قومی پالیسی کی تفصیلات کا انکشاف

دبئی، 21 مارچ، 2024 (وام) – متحدہ عرب امارات نے بائیو فیول سے متعلق قومی پالیسی کی تفصیلات کا انکشاف کیا ہے جس کی حال ہی میں متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے منظوری دی ہے۔ یہ پالیسی ملک کو صاف اور پائیدار توانائی کے ذرائع کی طرف منتقل کرنے کی حمایت کرتی ہے۔

یہ پالیسی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اپنے اسٹریٹجک شراکت داروں کے تعاون سے تیار کی ہے، جس کا مقصد پائیدار ایندھن کے متبادل فراہم کرنا اور توانائی مکس کو مزید متنوع بنانا ہے۔

توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر سہیل بن محمد المزروئی نےکہاکہ، "یہ پالیسی ہماری ڈی کاربنائزیشن مہم میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ 2050 تک بائیو ڈیزل کی کھپت میں 20 فیصد اضافے کے ذریعے کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ اس سے بائیو ڈیزل استعمال کرنے کی صورت میں ڈیزل کاروں کے کاربن فٹ پرنٹ میں 75 فیصد کمی آئے گی۔"

انہوں نے مزید کہاکہ، "بائیو فیول سے متعلق قومی پالیسی متحدہ عرب امارات کی توانائی حکمت عملی 2050 کے مقاصد کے حصول میں مدد کرے گی۔ اس سے انفراسٹرکچر، نقل و حرکت اور مینوفیکچرنگ جیسے مختلف شعبوں میں سرکلر اکانومی کے اصولوں کے نفاذ میں اضافہ ہوگا اور پیداوار کے لئے ان پٹ کے طور پر فضلے کو استعمال کرکے معاشی ترقی کو آگے بڑھایا جائے گا۔"

وزیر توانائی نے کہا کہ وزارت توانائی اور انفراسٹرکچر اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر بائیو فیول کی تقسیم کی نگرانی کے لئے قواعد و ضوابط اور کنٹرول تیار کرنے، بائیو فیول کی پیداوار اور استعمال کو منظم کرنے والے معیارات قائم کرنے اور ملک کے اندر بائیو فیول کی پیداوار میں معیار اور مینڈیٹ کو نافذ کرنے کے لئے کام کرتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ پالیسی نیشنل انرجی اینڈ واٹر ڈیمانڈ سائیڈ مینجمنٹ پروگرام اور 2050 تک متحدہ عرب امارات کے نیٹ زیرو اسٹریٹجک انیشی ایٹو کے مقاصد کی حمایت کرتی ہے۔

اینوک گروپ کے سی ای او سیف حمید الفالاسی نے کہا کہ، “قومی سطح پر توانائی کے شعبے میں ای این او سی کی قائدانہ پوزیشن کی بنیاد پر، ہم نے 2017 میں متحدہ عرب امارات میں بائیو فیول لانچ کیا، جو جدید متبادل ایندھن کی مصنوعات میں سے ایک ہے. ہم نے اس بائیو فیول کے اطلاق کو مختلف شعبوں تک پھیلانے کے لیے توسیع کی ہے، جس میں میرین ابراس اور ہمارے کچھ اثاثے جیسے ای این او سی لنک ٹرک شامل ہیں، اس کے علاوہ اسے ایندھن کی فراہمی کے لیے جدید 'ای لنک' پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین کو فراہم کیا گیا ہے۔”