دبئی، 22 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی وزیر ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الدہک نے اس بات پر زور دیا ہےکہ عالمی سطح پر استحکام کو فروغ دینے اور سماجی اور اقتصادی خوشحالی کی حمایت کے لیے آبی تحفظ کو مضبوط بنانا بہت ضروری ہے۔
پانی کے عالمی دن کے موقع پرانہوں نے کہاکہ پانی زندگی کا بنیادی عنصر ہے جو انسانی معاشروں کو استحکام، تہذیبوں کی ترقی اور خوشحالی حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ پانی ہمارے سیارے پر سب سے قیمتی وسیلہ ہے۔
یہ انسانوں، خوراک، فطرت اور آب و ہوا کے درمیان ایک اہم ربط کا کام کرتا ہے۔ تاہم آج ہمیں پانی کی کمی کی وجہ سے اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشین گوئی کی گئی ہے کہ 2025 کے اوائل تک دنیا کی نصف آبادی پانی کی قلت والے خطوں میں مقیم ہو جائے گی۔
اس لیے اس سال پانی کے عالمی دن کا موضوع 'واٹر فار پیس' پانی کے پائیدار حل کو فوری طور پر تلاش کرنے کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالتاہے۔ ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الدہک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پانی کی کمی کے اہم عالمی چیلنج کو تسلیم کرتا ہے۔صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سب کے لیے تازہ پانی کی فراہمی کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے اہم کوششیں کر رہے ہیں۔
اس شعبے میں عالمی تعاون کو آگے بڑھانے میں عزت مآب کا اہم کردار قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بن زید واٹر انیشیٹو نہ صرف دنیا بھر میں پانی کے بحران کا حل تلاش کرنے بلکہ پوری انسانیت کے لیے امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے انکی کوششوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی وزارت میں ہم پانی کے استعمال کے لیے زیادہ پائیدار طریقے استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پانی کی فراوانی اور پائیداری متحدہ عرب امارات میں ترقی اور خوشحالی کو مزید بڑھانے کی کلید ہے۔ کمیونٹی کی شمولیت ہمارے نقطہ نظر کا لازمی جزو ہے۔ پانی نہ صرف انسانی زندگی کے لیے بنیادی ہے بلکہ ایک پائیدار مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک سنگ بنیاد ہے۔
ترجمہ: ریاض خان