متحدہ عرب امارات کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ

نیکوسیا، 23 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے برادر فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی ثابت قدمی اور اس مشکل وقت میں غزہ کی پٹی کے عوام کی حمایت کے لیے یکجہتی اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اعادہ وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے غزہ کی پٹی کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمیری ٹائم کوریڈور سے متعلق وزارتی کانفرنس میں شرکت کے دوران اپنے خطاب میں کیا،جس میں قبرص کے وزیرخارجہ ڈاکٹر کونسٹنٹینوس کومپوس، غزہ کے لیے انسانی ہمدردی اور تعمیر نو کے سینیئر کوآرڈینیٹرسگریڈ کاگ ، اقوام متحدہ کے دفتر برائے پروجیکٹ سروسز،ورلڈ فوڈ پروگرام اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ساتھ ساتھ متعدد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

الہاشمی نے کہاکہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت کے تحت، متحدہ عرب امارات غزہ کے سب سے زیادہ کمزور شہریوں تک امداد کی تیز رفتار اور موثرترسیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا اس میں میری ٹائم کوریڈور کو فعال کرنے کامطالبہ بھی کیا گیا ہے،جو غزہ کے لوگوں کے لیے ایک اہم لائف لائن کے طور پر کام کرے گی۔ میری ٹائم کوریڈور خاص طور پر شمالی غزہ کےلوگوں کے لیے ضروری سامان کی ترسیل کو تیز کرے گا۔

الہاشمی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے ورلڈ سینٹرل کچن کے تعاون سے 200 ٹن غذائی امداد پر مشتمل پہلا بحری جہاز شمالی غزہ بھیج کر ایک تاریخی نظیر پیش کی اور وہ ان انسانی ہمدردی کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے کام جاری رکھے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ امداد منصفانہ اور موثر طور پر لوگوں تک پہنچ جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بحران کے حل کے لیے طویل مدتی جنگ بندی،سیاسی مذاکرات کی بحالی کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی،دو ریاستی حل کے حصول اورایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات،دانشمند قیادت کی ہدایت کے تحت غزہ کے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اپنی امدادی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے "گیلنٹ نائٹ 3" آپریشن جیسے امدادی اقدامات کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت تین بحری جہازوں،216 ہوائی جہازوں اور تقریباً 1ہزارٹرکوں کے ذریعے 25ہزارٹن سے زیادہ امداد اورطبی سامان فراہم کی گئی ہے۔

امداد میں غزہ میں ایک فیلڈ ہسپتال کا قیام،مصر کے شہر العریش کے لیے فلوٹنگ ہسپتال بھیجا گیا،اورصدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات پر متحدہ عرب امارات کے ہسپتالوں میں جامع طبی نگہداشت اور علاج کے لیے سینکڑوں مریضوں کی آمد جاری ہے،ہدایات کے تحت غزہ کی پٹی کے ایک ہزار زخمی بچوں اور کینسر کے ایک ہزار مریضوں کا علاج متحدہ عرب امارات کے ہسپتالوں میں کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات نے پینے کے لیے پانی صاف کرنے والے پلانٹس قائم کیے ہیں جو یومیہ12 لاکھ گیلن صاف پانی غزہ کو فراہم کرتے ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک