متحدہ عرب امارات کا ایئر کارگو انڈسٹری کے لئے کارڈز ڈیٹا پلیٹ فارم متعارف

ابوظہبی، 26 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے کارگو ڈیٹا رپورٹنگ سسٹم (کارڈز) کا آغازکیا ہے، جو سرکاری اداروں، قومی ایئر لائنز،گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹس اور ایکسپریس سروس فراہم کنندگان کو متعدد تکنیکی خدمات فراہم کرتا ہے۔

کارڈز اپنی نوعیت کا پہلا پلیٹ فارم ہے جو قومی ایئر لائنز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹس اور ایکسپریس سروس فراہم کرنے والوں کی کارکردگی کا تجزیہ اور ہر ادارے کے ساتھ نتائج اور مارکیٹ شیئر کا اشتراک کرکے یو اے ای میں آنے اور جانے والی اور گزرنے والی ایئر کارگو کی نقل و حرکت کی تجزیاتی معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس سے اسٹیک ہولڈرز کو خوبیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کرنے اور ان کی مسابقت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وزیر اقتصادیات اور جی سی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عبد اللہ بن طوق المری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہوائی اڈوں اور کارگو کے مضبوط انفراسٹرکچر کے ساتھ ہوائی کارگو کی کارکردگی کے لحاظ سے سب سے ترقی یافتہ ممالک میں سے ایک کے طور پر عالمی سطح پرعالمی معیار کی لاجسٹک خدمات میں مسابقتی حیثیت حاصل کررہا ہے ۔اس اہم شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کی مسلسل سرمایہ کاری کے علاوہ، کارڈز پلیٹ فارم اس اہم شعبے میں ملک کی عالمی قیادت کی جانب ایک نئے قدم کی نمائندگی ہے۔ یہ چیلنجوں کی نگرانی اور رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے کے لیے ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ نیا پلیٹ فارم اتھارٹی اور ایئر کارگو سیکٹر کے نمائندوں کے درمیان موجودہ شراکت داری کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا، انہیں ماہانہ بنیادوں پر وقتاً فوقتاً اور اپ ڈیٹ ڈیٹا فراہم کرے گا، جس سے فیصلہ سازی، مستقبل کی منصوبہ بندی اور ملک میں شہری ہوا بازی کے شعبے کے لیے مسابقتی ماحول میں بہتری آئے گی۔

جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی نے کہا کہ ہمیں آج کارڈز کا اجرا کرنے پر فخر ہے، درستگی، رازداری اور استعمال میں آسانی اس کی خصوصیات ہیں، جس سے متعلقہ سرکاری ایجنسیوں کو ملک میں کارگو کی نقل و حرکت کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔

السویدی نے کہا کہ پلیٹ فارم مسلسل ترقی اور اپ ڈیٹ سے مشروط ہو گا تاکہ اس میں شامل معلومات کے دائرہ کار میں توسیع کو یقینی بنایا جا سکے تاکہ ان بڑے شہروں کو شامل کیا جا سکے جہاں سے سامان برآمد اور درآمد کیا جاتا ہے۔ جس سے ملک میں ہوائی کارگو کی نقل و حرکت اور تجارتی تبادلے کی مکمل معلومات اور جائزہ فراہم ہوگا۔


ترجمہ۔تنویرملک