ماسکو، 26 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ 13 ویں ایٹم ایکسپو 2024 بین الاقوامی فورم میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی قومی حکمت عملی میں جوہری توانائی کے کردار پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
سوچی میں 25 سے 26 مارچ تک روساٹوم اسٹیٹ اٹامک انرجی کارپوریشن کے زیر اہتمام،''کلین انرجی:مستقبل کی تخلیق ایک ساتھ مل کر'' کے مرکزی عنوان کے تحت منعقدہ فورم میں سیشن، موضوعاتی گول میز کانفرنسز اوردنیا بھر کے اسٹیک ہولڈرز کی وسیع رینج پر مشتمل پینل مباحثے شامل تھے۔ جن میں صنعت، توانائی، لاجسٹکس، ایکولوجی، ڈیجیٹلائزیشن، ہیلتھ کیئر، سائنس اور تعلیم جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جوہری صنعت اور متعلقہ صنعتوں کی معروف کمپنیوں کی جانب سے ایونٹ میں اپنی ٹیکنالوجیز اور قابلیت کی نمائش کی گئی۔
ایٹم ایکسپو انٹرنیشنل فورم جوہری صنعت کی موجودہ حالت پر تبادلہ خیال کرنے اور اس کے مزید ترقی کے رجحانات کا آغاز کرنے کے لیے سب سے بڑا نمائشی اور کاروباری پلیٹ فارم ہے۔
2009 سے منعقد ہونے والے اس فورم میں بین الاقوامی جوہری صنعت کی اہم کمپنیوں کے سربراہان، سرکاری ایجنسیوں، بین الاقوامی اور سرکاری تنظیموں اور سرکردہ ماہرین شرکت کرتے ہیں۔
ایٹم ایکسپو 2024 فورم میں 75 ممالک اور 70 کمپنیاں اور سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے 4ہزار500سے زائد شرکاء حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک