ابوظبی، 27 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ ادنوک نے آج اپنے بیلبازیم آف شور بلاک سے خام تیل کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جوتوانائی کی دنیا کی بڑھتی ہوئی طلب کو ذمہ داری سے پورا کرنے کے لیے کمپنی کے عزم کا عکاس ہے۔
بیلبازیم آف شور بلاک الیاسات پیٹرولیم کے ذریعے چلایا جاتا ہے جو ادنوک اور چائنا نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن کے درمیان ایک مشترکہ منصوبہ ہے۔ بلاک کو تیار کرنے میں ادنوک کے جدید نقطہ نظر میں اخراج اور لاگت کو کم کرتے ہوئے کارکردگی اور حفاظت کو بڑھانے کے لیے ملحقہ شعبوں کے ساتھ آپریشنل ہم آہنگی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن کا فائدہ اٹھانا شامل ہے۔
ادنوک اپ اسٹریم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالمنیم سیف الکندی نے کہاکہ بیلبازیم آف شور بلاک سے خام تیل کی پیداوار کا آغاز سی این پی سی کے ساتھ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری اور متحدہ عرب امارات اور چین کے درمیان مضبوط دو طرفہ توانائی کے تعلقات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
ادنوک ابوظہبی کے وسائل سے زیادہ سے زیادہ قیمت حاصل کرنا جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ مقامی اور بین الاقوامی طور پر صارفین کو توانائی کی محفوظ، قابل اعتماد اور ذمہ دارانہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کر رہا ہے۔
بیلبازیم آف شور بلاک میں پیداواری صلاحیت بتدریج 45,000 بیرل یومیہ لائٹ کروڈ اور 27 ملین معیاری مکعب فٹ فی دن (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) تک پہنچنے کے لیے تیار ہے جو 2027 تک ادنوک کے 5 ملین بی پی ڈی تک پہنچنے کے ہدف میں حصہ ڈالتی ہے۔
الیاسات اپنے آف شور علاقے میں اے آئی ماڈلنگ اور تجزیہ کے ٹولز کے نفاذ میں پیش پیش ہے۔ بیلبازیم بلاک ذخائر کے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے اور بہتر حفاظت اور کارکردگی کے لیے آپریشنز کو منظم کرنے کے لیے اے آئی کیوکے ذریعہ تیار کردہ اے آئی ٹول WellInsight کا استعمال کرتا ہے۔
یہ بلاک الیاسات کے بو حصیر آف شور فیلڈ میں پہلے سے تعینات جدید ٹیکنالوجیز کو بھی مربوط کرے گا تاکہ پیداوار اور ذخائر کے انتظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
بیلبازیم بلاک ساتہ الرزبوت کی سہولیات کو بروئے کار لا کر آپریشنل ہم آہنگی کا فائدہ اٹھا رہا ہے جو کہ ادنوک آف شور کے ذریعے چلائے جانے والے ایک آف شور فیلڈ ہےجس کے نتیجے میں لاگت میں بچت ہوتی ہے اور ماحولیاتی اثرات کم ہوتے ہیں۔ ابوظہبی شہر کے شمال مغرب میں 120 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بیلبازیم بلاک تین آف شورفیلڈزبیلبازم، ام الصلال اور ام الثولو پر مشتمل ہے۔
ترجمہ: ریاض خان