ابوظبی، 27 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے مقبوضہ فلسطینی علاقے کی وادی اردن میں 8000 دونم (ایکڑ) اراضی ضبط کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے اور مقبوضہ فلسطینی علاقے کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کے تمام اقدامات کو مسترد کرنے کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے بین الاقوامی قانونی حیثیت سے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والے تمام طریقوں کو واضح طور پر مسترد کرنے کا اظہار کیا جس سے خطے میں مزید کشیدگی اور عدم استحکام کا خطرہ ہے اور امن و استحکام کے حصول کی کوششوں میں رکاوٹ ہے۔
وزارت خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ دو ریاستی حل کے لیے خطرہ بننے والے غیر قانونی طریقوں کو ختم کرنے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزارت نے امن، انصاف اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حصول کے لیے متحدہ عرب امارات کے ثابت قدم عزم کا اعادہ کیاہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہےکہ وہ مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے فوری جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے کوششیں تیز کرے، مقبوضہ فلسطینی علاقے میں صورت حال کو ہوا دینے سے روکے اور جامع اور منصفانہ امن کے حصول کے لیے تمام کوششوں کو آگے بڑھائے۔
ترجمہ: ریاض خان