ابوظہبی چیمبرکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کار کونسل کے ساتھ شراکت داری

ابوظہبی، 27 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی سرمایہ کار کونسل کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے سرمایہ کاری اور مستقبل کے معاشی شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

معاہدے کے مطابق ابوظہبی چیمبر اور کونسل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ابوظہبی کو سرمایہ کاری منزل کے طور پر فروغ دیتے ہوئے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے فروغ میں رکاوٹ بننے والی تمام رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔

تعاون معاہدے پر ابوظہبی چیمبر کے سی ای او احمد خلیفہ القبیسی اور کونسل کے سیکرٹری جنرل جمال سیف الجروان نے ابوظہبی میں چیمبر کے ٹاور میں دستخط کیے تقریب میں دونوں اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

معاہدے پراپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، القبیسی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی سرمایہ کار کونسل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کی خواہشات کو پورا کرنے اور مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہماری مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔۔ یہ معاہدہ ہمارے منصوبوں اور مقامی اقدامات کو تقویت دینے، ترقی کو تیزاور قومی معیشت کی مسابقت کو برقرار رکھنے، ابوظہبی کی ایک اعلیٰ بین الاقوامی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر پوزیشن کو فروغ دینے کے لیے بھی لازمی ہے۔

الجروان نے کہا کہ ہم ابوظہبی چیمبر کے ساتھ تعاون کے اس سفر کو شروع کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔ معاہدے پر دستخط نجی شعبے کی ضروریات کو سمجھنے کے لیے اہم ہے، اس طرح فیصلہ ساز اسٹریٹجک فیصلے کرسکیں گے ۔ یہ ہماری مشترکہ کوششوں کی کامیابی پر مثبت عکاسی کرتے ہوئے ہمارے درمیان ہموار ہم آہنگی کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

معاہدے کے مطابق، دونوں فریق سٹریٹجک ترجیحی منڈیوں میں ترقی کے مواقع کا جائزہ لینے، مشاورت فراہم کرنے اور مطالعات اور معلومات کا اشتراک کرنے، اپنے بہترین مفادات اور مشترکہ مقاصد کو پورا کرنے اور اپنے سرمایہ کاری عزائم کو پورا کرنے کے لیے باہمی تعاون کریں گے۔
دونوں ادارے کئی اقدامات کریں گے جن میں دنیا بھرکی ٹارگٹ مارکیٹوں کے لیے ابوظہبی میں کام کرنے والی نجی کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل خصوصی اقتصادی وفود تشکیل دیے جائیں گے۔

انہوں نے بین الاقوامی تقریبات کے مشترکہ انعقاد پر بھی اتفاق کیا جو سرمایہ کاروں کے درمیان رابطوں اور نیٹ ورکنگ کو فروغ دیں گے ، نیز ورکشاپس اورینٹیشن سیشنز اور میٹنگز کو تکنیکی مہارت اور علم کے تبادلے کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنے اور چیمبر کے ممبران کی عالمی سطح پر رسائی میں مدد فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔


ترجمہ۔تنویرملک